لاہور+ اسلام آباد (خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ) بلاول بھٹو زرداری نے تمام اہلِ وطن کو یوم آزادی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم اس پاکستان کو پھر سے حاصل کرنے کے لیئے تیار ہوجائے، جس کا خواب قائداعظم نے دیکھا تھا۔ شہید بھٹو اور بینظیر بھٹو نے اقبال اور قائداعظم کے ویژن کی پیروی کرتے ہوئے زندگی بھر مساوات پر مبنی جمہوری پاکستان کے لئے جدوجہد کی۔ شہید بھٹو اور شہید بی بی نے اصولوں و آدرشوں کی خاطر اپنی جانیں بھی قربان کردیں۔ انتہاپسندی و دہشتگردی بہت بڑی بیماریاں ہیں، جنہوں نے ملک و معاشرے کو علیل بنا رکھا ہے۔ پاکستان کو امن، ترقی اور خوشحالی کے راستے پر لانے کے لئے، ہم ان دونوں بیماریوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ بطور ایک قوم، ہمیں ہمارے بنیادی اقدار کی حفاظت اور انہیں فروغ دینا ہوگا۔ انتشار و اندھیرے پھیلانے والے عناصر ان اقدار کو دیمک کی طرح چاٹ رہے ہیں، تاکہ بانی اجداد کے مشن کا خاتمہ کرسکیں۔ علاوہ ازیں بلاول اور آصف زرداری سے پیپلز پارٹی پارلیمانی پارٹی کے ارکان نے ملاقات کی اس موقع پر ملاقات میں سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری سے برطانوی ہائی کمشنر مسٹر تھامس ڈریو نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے باہمی تعلقات اور دیگر دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
انتہاپسندی دہشت گردی نے ملک کوبیمار کررکھاہے ، جڑسے اکھاڑ پھینکیں گے :بلاول
Aug 15, 2018