لاہور (خصوصی رپورٹر) شہباز شریف نے کہا ہے کہ قیام پاکستان کے 71 سال بعد بھی ہم منزل کی تلاش میں ہیں، آج بھی جمہوریت کی کشتی بھنور سے نہیں نکل سکی، دعا ہے کہ پاکستانی قوم کی دعائیں رب سنے اور اس پر خاص فضل و کرم فرمائے تاکہ ملک ایک اسلامی فلاحی ریاست بنے جس کا خواب قائداعظم نے دیکھا تھا۔ وہ مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ شہباز شریف نے کہا کہ ہم قومی اسمبلی میں اس لئے گئے ہیں تاکہ ملک میں جمہوریت کی شمع روشن رکھ سکیں اور یہی جدوجہد کا واحد راستہ ہے۔ کاش یوم آزادی کے ساتھ ہم شفاف الیکشن کے انعقاد کی خوشیاں بھی منا سکتے، دھاندلی زدہ الیکشن کے ذریعے ہم ملک کو یکجا نہیں رکھ سکتے، اس سے خدانخواستہ قومی شیرازہ بکھر سکتا ہے، ہمیں سچ کو سچ اور جھوٹ کو جھوٹ کہنا ہو گا، دھاندلی زدہ الیکشن کی تحقیقات ہونی چاہئے اور قوم کو بتایا جائے کہ کس طرح الیکشن کمشن مکمل طور پر ناکام ہوا اور ذمہ داروں کو سزا دی جائے۔ ہم نے اسمبلی میں حلف اس لئے اٹھایا ہے کیوں کہ جمہوریت ہی جدوجہد کا واحد راستہ ہے۔ بہت ہو چکا، ضمیر کی خرید و فروخت کی منڈیاں اب بند ہونی چاہئیں، ملک میں شفاف انتخابات ہوئے ہوتے تو آج پورا ملک دوہری خوشیاں منا رہا ہوتا۔ ارکان کی خرید و فروخت کی منڈیاں اب بند ہونی چاہئیں، پنجاب میں مسلم لیگ ن سب سے بڑی جماعت ہے۔ وزیراعلیٰ اور سپیکر کے انتخاب میں ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ ہمارے تمام ارکان اسمبلی میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں گے ، آج کے دن ہمیں خرید و فروخت کے مکروہ دھندے سے توبہ کرنی چاہئے، ہم قومی و صوبائی سطح پر پنجاب میں آج بھی سب سے بڑی پارٹی ہیں۔ دعا ہے پاکستان صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنے۔ ہمیں اگلے چند سال میں پاکستان کو عظیم مملکت بنانا ہوگا، جمہوریت کے ذریعے پاکستان کو ترقی و خوشحالی سے ہم کنار کرسکتے ہیں، جمہوریت ہی وہ واحد راستہ ہے جس کے ذریعے ہم آگے بڑھ سکتے ہیں۔ عام الیکشن کے نتائج کو خوشیوں میں شامل نہیں کرپائے، کراچی سے خیبر تک انتخابات میں دھاندلی کے خلاف احتجاج ہو رہے ہیں، پی ٹی آئی ضمیر فروشی پر لگائے گئے کروڑوں روپے سے نئے ہسپتال بنا لیتی۔ شہباز شریف نے مقامی ہسپتال میں پارٹی کے سینئر رہنما راجہ اشفاق سرور کی عیادت کی۔