اسلام آباد+لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے +نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں+خصوصی نامہ نگار) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے انہیں انتخابات میں جیت پر مبارکباد دی اور مستقبل میں ملک کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی ولی عہد نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے، ہم پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات مزید مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ ولی عہد کی زیر نگرانی سعودیہ میں کرپشن کے خلاف موثر مہم چلائی گئی ،بہترین گورننس کرپشن کے خاتمے سے ہی ممکن ہے ،ہم بھی ولی عہد کے تجربات سے استفادہ کریں گے ۔ پاک سعودی تعلقات کومزید مستحکم کیا جائے گا ۔عنقریب دونوں ممالک کے سربراہ ایک دوسرے کے ملک کا دورہ کریں گے،واضح رہے کہ اس سے قبل سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے بھی عمران خان کو ٹیلی فون کر کے جیت کی مبارکبا د دی تھی اور انہیں سعودی عرب کے دورے کی دعوت بھی دی تھی جواب میں عمران خان نے دعوت قبول کرتے ہوئے سعودی فرمانروا کو بھی پاکستان آنے کی دعوت دی تھی۔علاوہ ازیں عمران خان نے ترک صدر طیب اردگان کو یقین دلایا ہے کہ ان کی دعائیں ترکی کے ساتھ ہیں۔ امریکہ اور ترکی کے درمیان جاری تنازعہ کے تناظر میں عمران خان نے ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا میں اردگان اور ترک عوام کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ میری اور میری قوم کی دعائیں انکے ساتھ ہیں۔ ہمیں قوی یقین ہے ترکی درپیش سنگین اقتصادی بحران سے بھی کامیابی سے نمٹ لے گا کیونکہ تاریخ شاہد ہے ترکوں نے ہمیشہ مشکلات کو للکارا ہے اور ہر آزمائش میں سے سرخرو ہوکر نکلے ہیں۔