شاہ سلمان سے ملاقات‘ عرب اتحاد نے یمن کو اغوا ہونے سے بچا لیا: اماراتی ولی عہد

ریاض (این این آئی)متحدہ عرب امارات کے ولی عہد الشیخ محمد بن زاید نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی قیادت میں یمن دفاع کے لیے قائم فوجی اتحاد یمن کے اغواء کی سازشیں ناکام بنانے کے لیے پورے عزم کے ساتھ کھڑا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق اماراتی ولی عہد نے سعودی عرب کے دورے کے دوران خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور خطے کے امن کو تباہ کرنے والے دشمن کے خلاف سعودی عرب اور امارات ایک دوسرے کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں۔الشیخ محمد بن زاید نے کہا سعودی عرب خطے کی امن وسلامتی اور خطرات کے خلاف دفاع کیلئے آگے ہے۔ سعودی عرب کو لاحق خطرات کے علاقائی اور عالمی سلامتی پر اثرات مرتب ہوں گے۔ سعودی عرب کی قیادت بالخصوص شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی دانش مندانہ پالیسیوں اور پرعزم اقدامات نے خطے کو امن اور استحکام بخشا۔اماراتی ولی عہد نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اورسعودی عرب کے درمیان گہرے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ دونوں ملکوں کے تعلقات کی بنیایں گہری، مضبوط اور دور رس ہیں۔

ای پیپر دی نیشن