نالہ ڈیک اور ایک میں طغیانی‘ متعدد دیہات زیرآب‘ ہیڈ مرالہ پر چناب بپھر گیا

Aug 15, 2019

سیالکوٹ‘ پسرور‘ سمبڑیال (نامہ نگار + نمائندہ نوائے وقت) بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث ہیڈ مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں نچلے درجہ کا سیلاب، پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 43ہزار کیوسک ہو گیا اور سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ محکمہ انہار کے مطابق ہیڈ مرالہ کے مقام پر نچلے درجہ کا سیلاب اور یہاں پانی کی آمد ایک لاکھ 43ہزار 219کیوسک اور یہاں پانی کا اخراج ایک لاکھ تیرہ ہزار 219کیوسک ہے۔ بتایا گیا ہے کہ دریائے مناورتوی میں پانی سات ہزار 793کیوسک جبکہ دریائے جموں توی میں پانی کا بہاؤ اٹھارہ ہزار 467کیوسک ہے۔ دوسری طرف کوہ شوالک مقبوضہ جموں وکشمیر میں شدید بارشوں کی وجہ سے نالہ ڈیک میں طغیانی سے متعدد دیہات زیرآب آ گئے۔ نالہ ڈیک کا پانی پسرور نارووال روڈ پر پل کے قریب کناروں سے باہر آ گیا۔ دیہات کھوکھراں ،سکندر پور ،قاضی پہاڑنگ، واہلے ،ماکھن پور ،چک قریشیاں ،فتاح گجراں، تخت پور، کوٹ، پوہلہ ،اچا پہاڑنگ ،عادل پور،ڈھوڈا، ہیبت پور، دولت پور، چک دوبرجی،کوٹلی خواجہ، ککا پن ،پنج گرائیں باجوہ، میاں ہرپال سمیت بیسیوں دیہات متاثر ہوئے۔ سیلابی پانی یونین کونسل ڈھوڈا کے دیہات میں بھی داخل ہوگیا۔ مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی رانا محمد افضل نے کہا ہے کہ انتظامیہ متاثرہ کاشتکاروں کو معقول معاوضہ دے۔ جبکہ سمبڑیال کے موضع بھوپالوالہ کے ساتھ سیلابی نالہ ایک جو انڈیا سے آتا ہے میں اچانک پانی آگیا موضع صاحبکے چیمہ، بدوکے چیمہ کے قریب پانی کناروں سے باہر آنا شروع ہوگیا۔ سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی دھان کی فصل کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔

مزیدخبریں