وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکی لائن آف کنٹرول پربھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت, شہید فوجی جوانوں کی بہادری اور جرأت کو سلام

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے لائن آف کنٹرول پربھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے شہید ہونے والے فوجی جوانوں کی بہادری اور جرأت کو سلام پیش کرتے ہوئے شہید فوجی جوانوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پاک فوج نے بھارتی فوجیوں کو جہنم واصل کرکے دشمن کو دندان شکن جواب دیا۔انہوں نے کہا کہ دفاع وطن کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فوجی جوان ہمارے ہیرو ہیں اور وطن کی مٹی پر فدا ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہید لانس نائیک تیمور، شہید نائیک تنویر اور شہید سپاہی رمضان نے پاک وطن کی حفاظت کرتے ہوئے اپنے خون کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ شہید فوجی جوان ہمار ے ماتھے کا جھومر ہیں اور قوم کو وطن پر نثار ہونے والے شہداء کی عظیم قربانی پر ناز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج دفاع وطن کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں اور پاکستانی قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا جارحیت پسند رویہ خطے کے امن کیلئے خطرہ ہے۔

ای پیپر دی نیشن