اسلام آباد (وقائع نگار+ نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ ) پاکستان میں کرونا وائرس کی صورتحال ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتری کی جانب بڑھ رہی ہے اور اب تک 2 لاکھ 87 ہزار 713 کیسز میں سے 2 لاکھ 65 ہزار 215 صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 6 ہزار 161 ہے۔ ملک میں 14 اگست کی شام تک 587 نئے کیسز اور 11 اموات کی تصدیق ہوئی جبکہ ایک ہزار 155 افراد شفایاب بھی ہوگئے۔ سندھ میں کرونا وائرس کے مزید 343 نئے کیسز اور 6 افراد کی موت کی تصدیق ہوئی۔وزیراعلیٰ ہاؤس سندھ سے جاری یومیہ بیان کے مطابق صوبے میں ان نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد ایک لاکھ 25 ہزار 632 ہوگئی۔ اموات 2 ہزار 313 تک جا پہنچیں۔ ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کرونا وائرس کے 128 نئے مریضوں اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔ مجموعی کیسز کی تعداد 94 ہزار 993 ہوگئی۔ اموات کی یہ تعداد 2 ہزار 180 تک پہنچ گئی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میںکرونا وبا مزید 19 لوگوں کو متاثر کرگئی۔ مجموعی کیسز کی تعداد 15 ہزار 342 ہوگئی۔ خیبر پختونخوا نے کرونا کے 70 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 35 ہزار 91 ہوگئی۔ صوبے میں مزید 2 مریض جاں بحق بھی ہوئے اموات کی تعداد بڑھ کر 1238 ہوگئی ہے۔گلگت بلتستان میں کرونا وائرس 24 افراد کو متاثر اور 2 کی جان لے گیا۔ مجموعی کیسز2 ہزار 426 تک پہنچ گئے۔ اموات کی تعداد 60 ہوگئی۔ آزاد کشمیر میں وائرس 3 لوگوں کو متاثر کرسکا۔ تعداد 2 ہزار 167 ہوگئی ہے۔ ملک میں مجموعی کیسز کے 92 فیصد افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں اس میں 1155 نئے افراد کا اضافہ بھی ہوا ہے۔جس کے بعد اب تک صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 65 ہزار 215 ہوگئی ہے۔