ننکانہ صاحب (نامہ نگار‘ نمائندہ نوائے وقت) ننکانہ صاحب میں کرونا وائرس کے پیش نظر حکومتی احکامات کو مدنظر رکھتے ہوئے یوم آزادی کی مرکزی تقریب کا انعقاد جمنیزیم ہال ننکانہ صاحب میں کیا گیا جس کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر (ر) پیر اعجاز احمد شاہ تھے۔ جبکہ تقریب میں ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب راجہ منصور احمد، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اسماعیل الرحمن کھاڑک، ضلعی صدر پاکستان تحریک انصاف پیر سرور شاہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) محمد عثمان خالد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) احمد کمال، اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ صاحب صولت حیات وٹو، محکمہ تعلیم، صحت ودیگر افسران و اہلکاران سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر پیر اعجاز احمد شاہ، ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد اور ڈی پی او اسماعیل الرحمن کھاڑک سمیت دیگر ضلعی افسران نے پرچم کشائی کی۔ وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر(ر) پیر اعجاز احمد شاہ کو پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ جشن آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر(ر) پیر اعجاز احمد شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو جذبہ حب الوطنی سے شکست دیں گے۔ قائداعظم کے افکار کی روشنی میں پاکستان کو پرامن اور مستحکم بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک قیامت تک رہنے کے لیے بنا ہے، ملک پاکستان ریاست مدینہ بننے جارہی ہے۔ آج اس کے 73 ویں یوم آزادی پر ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ مل کر اسے ایک مضبوط اور مستحکم ملک بنائیں گے اور اس وطن عزیز کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو اتفاق و اتحاد اور جذبے حب الوطنی سے ناکام بنائیں گے انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کا شمار دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں ہوگا۔ وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر (ر) اعجا زاحمد شاہ نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کے لیے ظالمانہ سلوک اختیار کیا گیا ،آزادی نہ ملتی تو ہمارا بھی بھارتی مسلمانوں جیسا حال ہوتا، کشمیر پاکستان کی شاہ رگ ہے اور کسی قیمت پر بھی بھارت کو قبضہ نہیں کرنے دیا جائے گا۔ بعدازاں پیر اعجاز احمد شاہ نے ننکانہ صاحب میں جاری شجرکاری مہم کے تحت ہاکی سٹیڈیم میں پودا لگایا اور پختہ سڑک گول چکر شورہ کوٹھی روڈتا بائی پاس، تعمیر و بحالی روڈ کچہری پھاٹک تاگوردوارہ جنم استھان، گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول نبی پور پیراں سمیت دیگر ترقیاتی سکیموں کا افتتاح کیا۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر (ر) اعجاز احمد شاہ نے اپنے مرحوم بھائی پیر حسن شاہ المعروف پپو شاہ کی قبر پر فاتحہ خوانی بھی کی دریں اثناء تحصیل شاہکوٹ اور تحصیل سانگلہ ہل میں بھی یوم آزادی کے سلسلہ میں تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ننکانہ راجہ منصور احمد نے یوم آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کے افکار کی روشنی میں پاکستان کو ایک پرامن اور مستحکم ملک بنائیں گے جس پر پوری دنیا فخر کرے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ملک پاکستان کو علامہ اقبال کے خوابوں کی تعبیر بنانے کے لیے نوجوان نسل کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔