اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ قیام پاکستان سے لے کر اب تک بہت نشیب و فراز آئے لیکن ہمیں اپنی عظمت رفتہ کو دوبارہ پانے کے لئے اپنی صلاحیتوں کو آگے منتقل کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ میں نہ سیاسی تھا، نہ سیاست سے کوئی شوق لیکن وزیراعظم عمران خان کی شخصیت سے متاثر ہو کر سیاسی میدان میں قدم رکھا جنہوں نے ملک کی تعمیر و ترقی کا بیڑہ اٹھایا ہے اور ہم اپنے حصے کا کردار ادا کر رہے ہیں انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرتے ہوئے آگے بڑھنے کے لئے اپنے آئیڈل ضرور منتخب کریں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا رومی، شاہ شمس تبریز کی شاگردی کے بغیر مولانا رومی نہیں بن سکے انہوں نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں وطن کا نام روشن کرنے والے صحافیوں، مصنفین، لکھاریوں، فنکاروں اور عظیم شخصیات کو سلام پیش کرتا ہوں، باصلاحیت لوگ ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کی صلاحیتوں کے اعتراف کے ذریعے ہی نئے ٹیلنٹ کو ابھارا جا سکتا ہے، امید ہے اپنے اپنے شعبہ میں صلاحیتیں منوانے والے یہ لوگ مزید شمعیں روشن کرتے جائیں گے، ہم نے مل کر اس وطن کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت اطلاعات و نشریات کے ذیلی ادارے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام وطن کے لئے کام کرتے ہوئے نام پیدا کرنے والے صحافیوں، لکھاریوں، مصنفین، اداکاروں اور فن موسیقی سے وابستہ افراد میں تقسیم ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سب سے پہلے آپ سب کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، ایسے باصلاحیت لوگوں کی تقریب میں شرکت میرے لئے باعث اعزاز ہے، جنہوں نے قلم، تحریر اور اپنے فن کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کو منوایا ہے۔ انہوں نے ایوارڈ حاصل کرنے والے باصلاحیت افراد کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے فن کو آئندہ نسلوں تک ضرور منتقل کریں تاکہ آنے والی نسلوں میں یہ شمعیں روشن ہوتی رہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمارے اسلاف نے جان و مال کی قربانیاں دے کر یہ آزادی حاصل کی اور ہم نے اس آزادی کی قدر کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے والد نے بھی ادب کے میدان میں اپنا نام پیدا کیا اور میرے والد کی کامیابیاں میرے لئے سرمایہ افتخار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وطن گھر کی مانند ہے جس کی تعمیر و مرمت نہ کی گئی تو یہ کھنڈر بن جائے گا۔ قبل ازیں سیکرٹری اطلاعات و نشریات اکبر حسین درانی نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے اس باوقار تقریب کے شرکاء کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو، ٹی وی اور اخبارات سے وابستہ صحافی، لکھاری، منصف، گلوکار اور اداکار ایک روشن شمع کی مانند ہیں، جن کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد ایک احسن قدم ہے۔ وزارت اطلاعات و نشریات ایسی شخصیات کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتی رہے گی۔۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے 73 سال گزرنے کے بعد ہمیں جائزہ لینا ہو گا کہ علم بڑھا ہے یا کم ہوا ہے، لائبریریاں آگے بڑھی ہیں یا کم ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا خواہ پرنٹ، الیکٹرانک یا شوشل میڈیا ہو ان کی پذیرائی کرنی ہے، ہم لوگوں کو باور کراتے ہیں کہ آپ کے ادارے آپ کے خیر خواہ ہیں۔ انہوں نے اس پروقار تقریب کے انعقاد پر پرنسپل انفارمیشن آفیسر شاہیرہ شاہد اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے سیکرٹری اطلاعات و نشریات کے ہمراہ مختلف شعبوں سے وابستہ افراد میں ایوارڈ تقسیم کئے۔ اس موقع پر قومی خبر رساں ادارے ’’اے پی پی‘‘ کے منیجنگ ڈائریکٹرطارق محمود خان ، ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان عنبرین جان ، ’’اے پی پی‘‘ کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر غواث خان اور وزارت اطلاعات کے سینئر افسران بھی موجود تھے ۔ ایوارڈ پانے والوں میں سینئر صحافی، مصنف، کالم نگار ضیاء الرحمن کاشمیری، سینئر صحافی نثار احمد شاکر، پی ٹی وی کی پہلی انائونسر کنول نصیر، نیئر کمال، اداکارہ لیلیٰ زبیری، بلوچ موسیقی کی نامور شخصیت تاج بلیدی، ادبی و شعری حلقہ کی معروف شخصیت جاوید احمد، اداکار ایوب کھوسو، پی ٹی وی کے سابق ڈائریکٹر ٹریننگ خواجہ نجم الحسن، ڈرامہ کی صنعت سے وابستہ رابعہ تبسم، سجاد کشور، نصرت فتح علی خان کے صاحبزادے طبلہ نواز ریئس احمد خان شامل تھے۔ معروف گلوکاروں نے ملی نغمے اور لوک گیت بھی پیش کئے۔
اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان کی آزادی کٹھن جدوجہد اور لازوال قربانیوں سے ملنے والا انمول خزانہ ہے۔ بدقسمتی سے بعض قوتوں کی سازشوں کی وجہ سے قیام پاکستان کی تکمیل مکمل نہ ہوئی۔ کشمیری عوام پر بے پناہ مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔ کشمیر کی آزادی تک پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھاتا رہے گا، ’’رن فار کشمیر‘‘ ایپ کے ذریعے تمام پاکستانی اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے لئے آواز بلند کریں۔ وزیراعظم عمران خان نے ہر سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیراعظم نے دنیا کو واضح پیغام دیا کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ ہیں، انسانی حقوق کی تنظیموں کا مقبوضہ کشمیر کے عوام کا ساتھ دینے پر مشکور ہوں ٹیلی میرا تھن کے موقع پر وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سمیت پوری قوم کشمیر کے عوام کی سفیر ہے، کھیلوں کے ذریعے بین الصوبائی ہم آہنگی کے ساتھ کشمیر کاز کو ہر سطح پر اٹھائیں گے، مقبوضہ کشمیر کے ہمارے بھائی اور بہنیں 70 سال سے زیادہ عرصہ سے بھارتی مظالم کا سامنا کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہر سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا۔ جمعہ کو یوم آزادی کے موقع پر یہاں پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ ’’رن فار کشمیر‘‘ ٹیلی میرا تھن کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا اہتمام انٹرنیشنل ہیومینیٹیرین فائونڈیشن نے وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان اور وزارت بین الصوبائی رابطہ کے باہمی اشتراک سے کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور کرتا رہے گا، جب تک ہمارے بھائیوں کو آزادی نہیں ملے گی ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ یوم آزادی کے موقع پر انہوں نے مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے حوالے سے ’’رن فار کشمیر ٹیلی میرا تھن‘‘ کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک علامتی ٹیلی میراتھن ہے جو اپنے کشمیری بھائیوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف احتجاج کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں شمولیت کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار ہوگا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالی کی جانب سے عطاء کی جانے والی ایک نعمت ہے اور 14 اگست یوم آزادی کے موقع پر سپورٹس کمپلیکس کے جناح سٹیڈیم میں ہم سب یوم آزادی منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان ان کے سفیر تو ہیں ہی لیکن پوری پاکستانی قوم ان کی سفیر ہے، ہم پاکستان میں یا بیرون ملک ہوں، ہمارے دل ان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔
عظمت رفتہ دوبارہ پانے کیلئے اپنی صلاحیتوں کو آگے منتقل کرنا ہوگا‘ شبلی فراز
Aug 15, 2020