لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار یوم آزادی کے موقع پرحضوری باغ گئے۔ مزار اقبال پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ مزار اقبال پر فاتحہ خوانی کی اور ملک کی سالمیت، ترقی و خوشحالی، استحکام اور بھارتی غیر قانونی قبضے والے جموں و کشمیر کے عوام کی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے دعا کی۔ خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد نے دعا کرائی۔ عثمان بزدار نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ شاہی قلعہ کے عالمگیری دروازہ پر پرچم کشائی کی۔ انہوں نے خطاب میں کہا کہ پاکستان کا یوم آزادی ہر شہری کے لئے بے حد خوشی کا دن ہے۔ 73 ویں سالگرہ پر میں پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یوم آزادی تحریک پاکستان کے رہنماؤں، کارکنوں اور شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ تحریک پاکستان کے رہنما، کارکن اور شہداء پاک سرزمین کے لئے اپنا تن من دھن قربان کر کے تاریخ میں امر ہو گئے۔ یوم آزادی ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمیں آزادی خیرات میں پیش نہیں کی گئی۔ آزادی کی نعمت لاکھوں مسلمانوں کی عظیم جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کا ثمر ہے اور ان بے مثال قربانیوں کے نقوش آج بھی تازہ ہیں اور ہمیں جہد مسلسل کا درس دے رہے ہیں۔ ہم یوم آزادی پر بھارت کے زیرتسلط مقبوضہ جموں و کشمیر کو کیسے بھول سکتے ہیں؟ بہادر کشمیری آزادی کے لئے اپنے خون کے نذرانے دے رہے ہیں۔ پاکستان اور کشمیر ایک دوسرے کے لئے ناگزیر ہیں۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے ملاقات کی۔ سعودی سفیر نے وزیر اعلی کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے پاکستانی قوم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیر اعلی نے سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت کے حوالے سے نیک تمناؤں کا اظہارکیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلی عثمان نے کہا کہ پاکستان کے عوام سعودی عرب کے ساتھ دلی اور روحانی وابستگی رکھتے ہیں۔ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان اخوت اور بھائی چارے کا مضبوط رشتہ ہے۔ سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے گہرے دوستانہ، برادرانہ، مذہبی اور تاریخی تعلقات ہیں۔ پاکستان کی تعمیرو ترقی میں سعودی حکومت کا تعاون لائق تحسین ہے۔ سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ سعودی عرب نے مشکل کی ہر گھڑ ی میں پاکستان کا بھر پور ساتھ دیا ہے۔ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم اور حکومت کی دن رات محنت سے کرونا کا پھیلاؤ روکنے میں کامیاب رہے ہیں۔ سعودی عرب کے سرمایہ کار ریور راوی فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ میگا پراجیکٹ میں بھرپور سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ حکومت سعودی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں دے گی۔ پنجاب میں سپیشل اکنامک زونز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ موجودہ حکومت نے کاروبار میں بے پناہ آسانیاں پیدا کی ہیں۔ ہماری بزنس فرینڈ پالیسیوں سے معیشت کا پہیہ چل پڑا ہے۔ سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کو ون ونڈ آپریشن کے تحت سہولتیں دیں گے۔ سعودی عرب کے سفیرنے پنجاب میں سماجی شعبوں کی بہتری اور عوام کی ترقی کیلئے اقدامات کو سراہا اور راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ سعودی عرب اور پاکستان کے عوام مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ سعودی عرب اور پاکستان نے بھائیوں کی طرح ایک دوسرے کا ساتھ نبھایا ہے۔