10برس میں 50ہزار پاکستانی روزگار کیلئے بیرون ملک منتقل ہوئے‘ امیگریشن بیورو

Aug 15, 2020

لاہور(نوائے وقت رپورٹ)2019ء اور 2020ء کے دوران بیرون ملک جانے والے افراد کی تعداد میں کمی کے باوجود گزشتہ 10 برسوں کے دوران پاکستان سے اوسطاً یومیہ ایک ہزار 666 جبکہ ماہانہ کم و بیش 50 ہزار پاکستانی بیرون ملک روزگار کے لیے منتقل ہوئے۔اعداد و شمار سے معلوم ہوتا ہے 50 برسوں کے دوران بیرون ملک جانے والے کل افراد میں سے نصف سے زائد پچھلے 10 میں بیرون ملک گئے۔پاکستان بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے اعداد و شمار کے مطابق 1971 سے لے کر جون 2020 تک ایک کروڑ 12 لاکھ 92 ہزار سے زائد پاکستانی روزگار کے سلسلہ میں دنیا کے 52 ممالک میں گئے۔تاہم اس تعداد کے نصف سے بھی زائد یعنی 60 لاکھ 81 ہزار 947 پاکستانی 2011 سے 2020 کے 10سال کے عرصے میں بیرون ملک گئے ہیں۔ دس برسوں میں بیرون ملک جانے والوں میں دو لاکھ 72 ہزار 82 اعلیٰ تعلیم یافتہ اور 66 ہزار 597 اعلیٰ ہنرمند افراد بھی شامل ہیں۔اس دوران 24 لاکھ، 15 ہزار، 941 ہنرمند، 9 لاکھ 25 ہزار 114 نیم ہنرمند جبکہ 24 لاکھ 2 ہزار 213 غیر ہنرمند پاکستانیوں نے بیرونی ممالک کا رخ کیا۔

مزیدخبریں