لاہور (نیٹ نیوز)جشن آزادی حیدرآباد کی ضلعی انتظامیہ نے ایک کلومیٹر طویل قومی پرچم کی ریلی نکالی۔ریلی ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کی سربراہی میں نکالی گئی۔ ریلی میں سول سوسائٹی، سماجی تنظیموں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء پاکستان زندہ باد، جشن آزادی کے شہداء کو سلام اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگا رہے تھے۔ علاوہ ازیںسکھر میں یوم آزادی پر پاکستان کا دوسرا بڑا قومی پرچم لہرا دیا گیا، فضا پاکستان زندہ باد پائندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی، کور کمانڈر کراچی اور میئر سکھر نے پرچم لہرایا۔سکھر میں لب مہران واکنگ ٹریک پر 84 فٹ لمبا اور 56 فٹ چوڑا پرچم 300 فٹ بلندی پر لہرایا گیا، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز اور میئر سکھر ارسلان شیخ نے پرچم کشائی کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز نے کہا کہ پاکستان قربانیوں سے معرض وجود میں آیا اور اسے قربانیوں سے ہی ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ مزید براں یوم آزادی کے موقع پر کراچی کی سپر ہائی وے پر دنیا کا بلند ترین فلیگ پولیس پر پرچم کشائی کی گئی۔ ساڑھے 22 میٹر چوڑے اور 100 میٹر اونچے پول پر پرچم لہرایا گیا۔ تقریب میں بنڈ نے خصوصی پرفارمنس دی اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کراچی بلند ترین‘ سکھر دوسرا بڑا پرچم لہرایا گیا، حیدر آباد میں ایک کلومیٹر طویل جھنڈے کیساتھ ریلی
Aug 15, 2020