سکھ آج بھارت کا یوم آزادی نہیں منائیں گے

Aug 15, 2020

اسلام آباد ( عبداللہ شاد - خبر نگار خصوصی) ہندوستان میں بسنے والے سکھ آج 15 اگست کو بھارت کا یوم آزادی نہیں منائیں گے۔ بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر خالصتان کی آزادی کیلئے سرگرم تنظیم ’’ سکھ فار جسٹس‘‘ نے واضح کیا ہے کہ پندرہ اگست بھارت کی آزادی کا دن ہے، سکھ قوم تاحال آزاد نہیں ہوئی اس لئے سکھ قوم کی جانب سے بھارت کا یوم آزادی نہیں منایا جائے گا، جس دن سکھ آزادی حاصل کر لیں گے وہ اس دن کو یوم آزادی کے طور پر منایا کریں گے۔ سکھ فار جسٹس کی جانب سے ہریانہ اور پنجاب میں بسنے والے سکھوں کو کہا گیا ہے کہ اگر کچھ لوگوں نے اپنے گھروں پر بھارت کا پرچم لہرایا بھی ہے تو اسے فوری طور پر اتار دیں کیونکہ یہ پرچم سکھوں کیلئے تباہی کی علامت ہے، 1984 میں سکھوں کے قتل عام اور گولڈن ٹیمپل کی اینٹ سے اینٹ بجانے کے بعد اس پر بھارتی ترنگا لہرایا گیا تھا، دہلی کی سڑکوں پر جب سکھ عورتوں اور بچوں کو زندہ جلایا جا رہا تھا تب بھی بھارتی فوج کی وردیوں پر یہ ترنگا چسپاں تھا۔ سکھوں کو اب بھارتی فوجیوں، پولیس اور سرکار سے اب مزید ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے، ہمارا مطالبہ کوئی ایسا ناجائز نہیں ہے، ہم صرف بھارت سے آزادی چاہتے ہیں۔ سکھ فار جسٹس کے قانونی مشیر پتونت سنگھ پنوں نے کہا کہ اگر بھارتی سرکار کو خالصتان تحریک کو دبانے کا اتنا ہی شوق ہے تو ہم دہلی کے لال قلعے پر بھی خالصتانی پرچم لہرا کر دکھا سکتے ہیں۔ 

مزیدخبریں