بھارتی توسیع پسندانہ عزائم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں‘ عالمی برادری کو اس کا ادراک ہونا چاہیے

Aug 15, 2020

ملک کی عسکری قیادتوں کا دشمن کو اسکی ہر سازش پر بھرپور جواب دینے کا عزم اور دفاع وطن کیلئے قوم کا تجدید عہد
ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ پاک فوج مادر وطن کی سالمیت‘ حرمت اور علاقائی سالمیت کے دفاع کیلئے بھرپور طریقے سے تیار اور پرعزم ہے۔ بھارت پانچ کے بجائے پانچ سو رافیل لڑاکا طیارے خریدلے یا دیگر نظام حاصل کرلے‘ وہ ہمیں ہر حال میں تیار پائے گا۔ گزشتہ روز میڈیا بریفنگ میں اظہارخیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنگیں اسلحہ سے نہیں‘ عوام کی تائید و حمایت سے لڑی جاتی ہیں۔ پاک فوج عوام کے ساتھ مل کر مادر وطن کے دفاع کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے اندر دہشتگردی اور دہشتگردوں کیلئے منی لانڈرنگ میں ملوث ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے سعودی عرب کے ساتھ مضبوط تعلقات ہیں اور کسی کو مسلم دنیا میں سعودی عرب کی مرکزیت پر کوئی شبہ نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اسلحہ خریدنے والے ممالک میں سرفہرست ہے جو اسکے توسیع پسندانہ عزائم کی نشاندہی ہے۔ بھارت کے مقابلے میں پاکستان کے دفاعی اخراجات مسلسل کمی کی طرف جارہے ہیں لیکن کم وسائل کے باوجود پاکستانی افواج دشمن کا مقابلہ کرنے کیلئے مکمل تیار ہے۔ انہوں نے باور کرایا کہ بھارت ریاستی دہشت گردی کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں ایک سال سے نسل کشی اور مقبوضہ خطے میں انسانی حقوق کی پامالی کررہا ہے اور ایسا کوئی ظلم باقی نہیں رہا جو کشمیریوں نے برداشت نہ کیا ہو۔ انکے بقول بھارت میں ذات پات اور نسلی تعصب کی جو آگ لگی ہے اس سے اب خطے کو بھی خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا نیا سیاسی نقشہ قومی سوچ کی نمائندگی کرتا ہے۔ ہم نے پوری دنیا پر واضح کیا ہے کہ یہ ہے پاکستان اور پاکستان کی جغرافیائی حد جہاں پر علاقائی تنازعہ چل رہا ہے۔ یہ آنیوالی نسلوں کیلئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے قوم کو 73ویں یوم آزادی کی مبارکباد دی اور قائداعظم اور علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے آزاد وطن حاصل کرنے کیلئے جدوجہد کی۔ 
اس خطے پر آزاد و خودمختار مملکت کی حیثیت سے پاکستان کی تشکیل بلاشبہ بانیانِ پاکستان قائد و اقبال کا کارنامہ اور انکی سوچ کا مظہر ہے۔ خدا کے فضل و کرم سے‘ قوم کے جوش و جذبے اور عساکر پاکستان کی دفاع وطن کیلئے بے پایاں صلاحیتوں اور مشاقی کی بدولت اس ملک خداداد نے رہتی دنیا تک قائم رہنا ہے اور اسکی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت کرنیوالے دشمن کا نیست و نابود ہونا اسکے مقدر میں لکھا ہے۔ ہمارا مکار دشمن بھارت تو قیام پاکستان کے وقت سے ہی اسکی سلامتی کمزور کرنے کی گھنائونی سازشوں میں مصروف ہے اور وہ ملک کی سرحدوں پر ہی نہیں‘ پاکستان کے اندر بھی وحشی پن پر اتری ہوئی دہشت گردی‘ آبی جارحیت اور پاکستان کے اندر پھیلائے اپنے ایجنٹوں کے ذریعے عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازشوں میں مگن رہتا ہے مگر اسے ہر محاذ پر منہ کی کھانا پڑتی ہے۔ یہ حقیقت ہے کہ پاکستان کی سلامتی کمزور کرنے کے جتن میں بھارت خود کو ایٹمی ٹیکنالوجی اور ہر قسم کے جدید‘ روایتی‘ ایٹمی اسلحہ اور گولہ بارود سے لیس کرکے پاکستان ہی نہیں‘ اس پورے خطہ اور پورے کرۂ ارض کا امن و سلامتی دائو پر لگا چکا ہے جس کا اقوام عالم بالخصوص عالمی قیادتوں اور نمائندہ عالمی اداروں کو ادراک ہونا چاہیے۔ عساکر پاکستان بہرصورت دفاع وطن کا ہر تقاضا نبھانے کیلئے مکمل یکسو اور ہمہ وقت تیار و چوکس ہیں اور دشمن کی سازشوں‘ جارحیت کے ارتکاب اور جارحانہ عزائم پر اسے فوری اور منہ توڑ جواب دیتی بھی رہتی ہیں جس کیلئے عساکر پاکستان کو قوم کی مکمل تائید و حمایت حاصل ہے اور  قوم بذات خود عساکر پاکستان کے کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے جو دفاع وطن پر کوئی آنچ نہیں آنے دیگی۔ 
قوم نے گزشتہ روز  14؍ اگست کو کرونا کی نازل ہوئی آفت کے باوجود ملک کا 73واں جشن آزادی روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا اور ملک کی سرحدوں کی محافظ افواج پاکستان کے ساتھ دفاع وطن کیلئے یکسو ہونے کا تجدید عہد کیا۔ یہی قوم کا وہ بے پایاں جذبہ ہے جو دفاع وطن کا ضامن ہے اور عساکر پاکستان قوم کے اسی جذبے کی اپنی خداداد عسکری صلاحیتوں سے نمائندگی کرتی ہیں۔ ہمارے مکار دشمن نے ہم پر تین جنگیں مسلط کیں‘ کشمیر کے غالب حصے پر تسلط جمایا‘ اس وطن عزیز کو سانحۂ سقوط ڈھاکہ سے دوچار کیا اور کشمیر سے پاکستان آنیوالے پانی پر تسلط جما کر اسے پاکستان کوبھوکا پیاسا مارنے اور سیلاب میں ڈبونے کیلئے استعمال کیا مگر وہ جری و بہادر قوم کے دفاع وطن کے جذبے کو مات نہیں دے سکا جبکہ عساکر پاکستان نے کنٹرول لائن پر ہر بھارتی زمینی اور فضائی جارحیت کا بروقت اور منہ توڑ جواب دیا ہے اور 27 فروری 2019ء کو دشمن کے دو جنگی جہاز گرا کر ایک پائلٹ کو زندہ گرفتار کرنا اور اسی طرح پاکستان میں بھیجا گیا دشمن کا ہر جاسوس ڈرون مار گرانا اس کا بڑا ثبوت ہے جس کی پوری دنیا شاہد ہے۔ 
عساکر پاکستان کی ان صلاحیتوں سے خوفزدہ ہو کر ہی دشمن نے ملک کے اندر دہشت گردی پھیلا کر پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازش کی مگر عساکر پاکستان نے اس محاذ پر بھی دشمن کے گھنائونے عزائم ناکام بنائے‘ دہشت گردی کی جنگ کے حوالے سے ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر نے جو تفصیلات بتائی ہیں‘ وہ دشمن کیلئے چشم کشا اور ہماری کامرانیوں کا کھلا ثبوت ہیں۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں باور کرایا کہ قوم نے کامیابی سے دہشت گردوں کیخلاف جنگ لڑی ہے۔ اپریشن ردالفساد میں ایک لاکھ سے زائد انٹیلی جنس اپریشن کئے گئے‘ 96 ہزار مربع کلو میٹر کا علاقہ دہشت گردوں سے خالی کرایا گیا۔ اپریشن کے دوران 18 ہزار سے زائد دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا جبکہ 400 ٹن بارودی مواد اور 70 ہزار سے زائد اسلحہ برآمد کیا گیا۔ بے شک عساکر پاکستان نے دفاع وطن پر اپنی جانیں تک نچھاور کی ہیں اور ہماری سکیورٹی فورسز کے دس ہزار سے زائد جوان اور افسران دہشت گردوں اور انکے ٹھکانوں کو نیست و نابود کرتے ہوئے شہادت سے سرفراز ہوئے ہیں جس پر قوم کا سر فخر سے بلند ہے۔ 
بھارتی توسیع پسندانہ عزائم اب اقوام عالم میں کسی سے ڈھکے چھپے نہیں رہے اور کرونا کی افتاد میں بھی جس طرح بھارتی فوجوں نے مقبوضہ وادی کا لاک ڈائون کیا جو گزشتہ ایک سال سے زائد عرصہ سے جاری ہے‘ یہ بھارتی سفاکیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ بھارت کے یہ سارے عزائم درحقیقت پاکستان کی سلامتی کمزور کرنے کے ہیں اور اسی تناظر میں عساکر پاکستان کے عزم و ہمت کے ساتھ پاکستان نے اپنا دفاعی حصار مضبوط بنایا ہے چنانچہ گزشتہ روز پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان نے بھی دوٹوک انداز میں دشمن کو باور کرایا ہے کہ ہم ہر خطرے کا جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔ یہ عساکر پاکستان کی جانب سے دشمن کو واضح جواب ہے کہ یہ معرکۂ حق و باطل ہے۔ ہم سے ٹکرائو گے تو پاش پاش ہو جائو گے۔ 

مزیدخبریں