لاہور (نیوز رپورٹر+ کامرس رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ الحمد للہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ دشمن کا ہر منصوبہ ناکام بنایا جائے گا۔ افغان حکومت اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے۔ امن کیلئے پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیر اور فلسطینی عوام بھی یوم آزاد ی منائیں گے۔ وہ ہفتہ کے روز سالانہ ثقافتی تبادلے کے پروگرام کیلئے لاہور کا دورہ کرنیوالے گلوبل ویمن میڈیا (جی ڈبلیو ایم) کی چیئر پرسن منیزے معین اورجی ڈبلیو ایم کی سفیر نامور اداکارہ حرا مانی کے ہمراہ گورنر ہائوس لاہور میں پریس کانفرنس اور جی سی یونیورسٹی میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت کا مشن بھی قائد اور اقبال کے افکار کے مطابق پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا ہے۔ جس کے لئے ہم تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے گلوبل ویمن میڈیا کے وفد کی پاکستان میں ہم آہنگی کے فروغ اور ثقافتی تبادلے سمیت دیگر اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے کہ وہ دنیا میں پاکستان کے امیج کو مزید بہتر کرنے اور پاکستان کے خلاف منفی پروپیگینڈہ کو ناکام بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ جی ڈبلیو ایم کی چیئر پرسن منیزے معین نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف پاکستان کی مضبوطی اور ہم آہنگی کا فروغ ہے۔ جی ڈبلیو ایم کی سفیر نامور اداکارہ حرا مانی نے کہا کہ مجھے پاکستانی ہونے پر فخر ہے اور دنیا میں جہاں بھی جاتی ہوں پاکستان کے امیج کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کرتی ہوں۔ کامرس رپورٹر کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی۔گرین اینڈ کلین پاکستان مہم کے تحت پودا لگایا اور جشن آزادی کا کیک بھی کاٹا۔ ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر خواجہ شاہ زیب اکرم، ریجنل چیئرمین چوہدری محمد سلیم بھلر، سابق صدر میاں انجم نثار، کوآرڈینیٹرمحمد علی میاں، لاہور چیمبر کے نائب صدر طاہر منظور، عرفان اقبال شیخ، چوہدری ظفر سمیت کاروباری برادری کی بڑی تعدادنے تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے مزید کہاکہ جی ایس پی پلس سٹیٹس کی تجدید کے لیے حکومت کے ساتھ ساتھ کاروباری برادری کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
افغان حکومت ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہی: گورنر
Aug 15, 2021