اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ملک بھر کی طرح پاکستان سویٹ ہوم میں بھی جشن آزادی جوش و خروش سے منایا گیا۔ پاکستان سویٹ ہوم میں یوم آزادی کی تقریب منعقد کی گئی۔ جس کے مہمان خصوصی ایم ڈی پاکستان بیت المال ظہیر عباس کھوکھر تھے۔ تقریب میں سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین، سابق ایم این اے انجم عقیل خان، سابق ڈی جی نادرا خورشید ملک، چوہدری نزاکت، طارق مغل، عامر خان، خورشید انور، ملک افضل، یوتھ پارلیمنٹ کے صدر رضوان جعفر، مختلف یونیورسٹیوں کے طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ تقریب میں جشن آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا۔ پاکستان سویٹ ہوم میں یوم آزادی کی تقریب کا باقاعدہ آغاز کیڈٹس کی پریڈ سے کیا گیا۔ تقریب بچوں اور بچیوں نے ملی نغمے پیش اور تقاریر بھی کیں۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان نے کہا کہ آزادی اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے۔ میرے لیے خوشی کا مقام ہے کہ آج ہم 14 اگست کا پروگرام پاکستان سویٹ ہوم میں منعقد کر رہے ہیں۔ دس سال قبل ایک فرشتے سے اس ادارے کی بنیاد رکھی۔ آج ہزاروں کی تعداد میں میرے بیٹے اور بیٹیاں پورے پاکستان میں سویٹ ہوم کا حصہ ہیں۔ اسی مہینے دنیا کا پہلا کیڈٹ کالج جو صرف یتیم بچوں کے لیے بنایاگیا ہے۔ اْس کا آغاز کر دیا جائے گا۔ یتیموں اور مساکین کی کفالت کرنے کی وجہ سے آج عبدالستار ایدھی کانام زندہ ہے۔ وہ پاکستان کی عوام کے دلوں میں بستے ہیں۔ میرا عزم ہے کہ میں پاکستان کی حکومت کے ساتھ ملکر دارالاحساس پروگرام کے تحت زیر کفالت بچوں کو بھی سپورٹ کروں۔ زمرد خان کا کہنا تھاکہ رواں سال دسمبر میں سول سروس فار سی ایس ایس پراجیکٹ کا آغاز کر دیا جائے گا۔ جس کے تحت بچوں کو 2023ء میں سی ایس ایس کے امتحانات کی تیاری کرائی جائے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان بیت المال کے ایم ڈی ظہیر عباس کھوکھر نے کہا کہ پاکستان سویٹ ہوم کے پروگرام میںمہمان خصوصی شرکت کر کے بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں۔ ظہیر عباس کھوکھر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بنیادوں میں ہزاروں شہیدوں کا پاک لہوشامل ہے۔ ہمیں بطور قوم لاکھوں قربانیوں کے بعد حاصل ہونے والے ملک پاکستان کی قدر اور خدمت کرنی چاہئے۔ ایم ڈی پاکستان بیت المال ظہیر عباس کھوکھر کا کہنا تھا کہ عبدالستار ایدھی کے بعد اللہ تعالیٰ نے زمرد خان کو عزت دی ہے۔ تقریب سے سابق رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جو کام زمرد خان کر رہے ہیں یہ حکومت کے کرنے کے ہیں لیکن انہوںنے ایک تاریخ رقم کی ہے۔ تقریب سے یوتھ پارلیمنٹ کے صدر رضوان جعفر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یو تھ پارلیمنٹ کے تمام ممبران پاکستان سویٹ ہوم کے ساتھ رضا کارانہ خدمات سرانجام دینگے اور ہماری خواہش ہے کہ پاکستان سویٹ ہوم کی ایک برانچ سندھ میں بھی قائم کی جائے۔ تقریب کے اختتام پر یوم آزادی کا کیک کاٹا گیا اور زمرد خان کی جانب سے تقریب کے مہمان خصوصی اور دیگر ممبران کو شیلڈ بھی پیش کی۔