اسلام آباد(نیوزرپورٹر)وفاقی وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ ہم سب نے مل کر اس ملک کو عظیم بنانا ہے پاکستان لاکھوں جانوں کی قربانیوں کے بعد حاصل ہوا جس کی ہمیں قدر کرنی چاہئے۔ ننکانہ سے آمدہ اطلاعات کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمنازیم ہال میں منعقدہ یوم آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ نے پرچم کشائی بھی کی, پولیس، ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کے دستوں نے قومی پرچم کو سلامی دی, اس سے قبل سائرن بجائے گئے اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ۔ تقریب کے دوران مختلف تعلیمی اداروں اور سکھ کمیونٹی کے طلبا اور طالبات نے وطن سے اپنی لازوال محبت کے اظہار کے لئے ملی نغمے پیش کئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ پاکستان لاکھوں جانوں کی قربانیوں کے بعد حاصل ہوا جس کی ہمیں قدر کرنی چاہئے بھارت میں مسلمانوں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں ہمیں اپنی آنے نسلوں کو فلسفہ آزادی کے بارے بتانا چاہئے انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر اس ملک کو عظیم بنانا ہے اسلام اور انسانیت کے دشمن اس ملک کے دشمن ہیں۔ اعجاز احمد شاہ کا کہنا تھا کہ حصول آزادی تک اپنے کشمیری بھائیوں کے لیے آواز اٹھاتے رہیں گے۔ ملک کو منشیات سے پاک بنانے کے لئے کریک ڈاو ن کریں گے۔تقریب کے اختتام کے بعد اعجاز احمد شاہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوآرٹر ہسپتال کے ڈائیلاسز سنٹر گئے اور وہاں زیر علاج مریضوں میں مٹھائی تقسیم کی اور ان کے ساتھ کیک کاٹا, وفاقی وزیر نے ڈائیلاسز سنٹر میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا -
"ٍ ہم سب نے مل کر اس ملک کو عظیم بنانا ہے، اعجاز احمد شاہ
Aug 15, 2021