سری نگر (نوائے وقت رپورٹ، کے پی آئی) بھارتی غیرقانونی قبضے والے کشمیر میں پاکستان کا یوم آزادی جوش و خروش سے منایا گیا ہر طرف سبز ہلالی پرچموں کی بہار تھی، آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا، کشمیریوں نے پاکستان کے حق اور بھارت کی مخالفت میں نعرے لگائے، کشمیری آج بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت رہنماؤں نے پاکستان کے یوم آزادی پر اپنے پیغام میں کہا ہے اسلامی جمہوریہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیر کے حق خود ارادیت کی حمایت کی اور ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ لڑا۔ کشمیری پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی دعا کرتے ہیں کیونکہ مضبوط اور پرامن پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ناگزیر ہے۔کشمیریوں کو یوم سیاہ منانے سے روکنے کے لیے سرینگر سمیت دیگر تمام شہروں اور علاقوں میں فوج اور دیگربھارتی فورسز کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہیں۔ قائد تحریک آزادی کشمیر سید علی گیلانی نے نام نہاد بھارتی یوم آزادی پر یوم سیاہ اور سوگ منانے اور ہڑتال کی اپیل کی ہے ۔کشمیر بالخصوص سری نگر میں اضافی فورسز اہلکار تعینات کر دیئے گئے ہیں۔ لوگوں کی تلاشی کی جا رہی ہے اور ان کے شناختی کارڈ بھی چیک کئے جا رہے تھے۔ بھارتی فورسز نے بڑی تعداد میں شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے پیدل سفر کرنے والوں کو بھی ان ناکہ پوائنٹس پر روکا جاتا ہے اور ان کی جامہ تلاشی لی جاتی ہے۔ سید علی گیلانی نے75 ویں یوم آزادی پر پاکستانی عوام کو مبارکباد دی ہے ۔ ایک ٹویٹ میں سید علی گیلانی نے امید ظاہر کی ہے کہ اسلام کا قلعہ پاکستان مضبوط بنے گا تمام چیلنجز کا مقابلہ کرے گا اور اپنے قیام کے اصولوں پر قائم رہے گا۔ قابل ازیں ایک ٹویٹ میںسید علی گیلانی نے کہا کہ بھارت اپنا یوم آزادی منانے کا حق نہیں رکھتا۔
یوم آزادی پر پاکستانی پر چموں کی بہار،آتشبازی:آج یوم سیاہ منایا جائیگا
Aug 15, 2021