ملتان (سپیشل رپورٹر)جشن آزادی کی صبح لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ ، ہائیکورٹ بار، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب آفس ملتان، ڈپٹی اٹارنی جنرل فار پاکستان آفس ملتان اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ ملتان اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کے زیر اہتمام پرچم کشائی کی تقریبات سجائی گئیں۔ ہائیکورٹ کے جج مسٹر جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر کا ہائیکورٹ اور ہائی کورٹ بار کے زیر اہتمام الگ الگ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے آزادی لئے بے تحاشہ قربانیاں دیں۔ آزاد ہونا اور ذہنیت کی آزادی علیحدہ باتیں ہیں۔جس غلامی سے ہمیں ہمارے بڑوں نے نکالا ہے۔ کیا ہم اسی طرح آزاد ہیں۔ آج بھی ہم انگریزوں کے فلسفے پر چل رہے ہیں۔انگلش بولنا ، انگریزوں کی طرح رہن سہن بڑے ہونے کی علامت سمجھتے ہیں ہمیں یہ چیز ختم کرنی ہے۔ وہ وعدہ کرتے ہیں کہ دن رات اپنی قوم کے لئے عدل کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنے والد سے آزادی کی جہدوجہد کی تمام تکالیف سنیں۔ یہ ملک آسانی سے نہیں ملا، ہمارے بڑوں نے بڑی تعداد میں جانوں کا نذرانہ دیا، مال و دولت اور عزت گنوائی۔ ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو ان قربانیوں کے بارے میں بتانا ہے۔ ہم آج تجدید عہد کرتے ہیں کہ اللّٰہ تعالیٰ نے جتنی استطاعت دی ہے ہم نے ملک کے لیے بھرپور کام کرنا ہے۔
آزادی کی تمام تکالیف والد سے سنیں ملک آسانی سے نہیں ملا، جسٹس سرفراز ڈوگر
Aug 15, 2021