ملتان (نمائندہ نوائے وقت) جشن آزادی کے موقع پر صدر مملکت عارف علوی نے جن 126شخصیات کو سول اعزازات سے نوازا ان میں ملتان سے تعلق رکھنے والے نامور سرائیکی شاعر رفعت عباس بھی شامل ہیں۔ رفعت عباس کو ان کی خدمات پر تمغہ حسن کارکردگی دیا گیا ہے۔ رفعت عباس کا اصل نام غلام عباس ہے۔ وہ 7 جولائی 1958 کو ملتان میں پیدا ہوئے، گورنمنٹ ایمرسن کالج سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد انہوں نے شعبہ تعلیم سے وابستگی اختیارکی۔ وہ شجاع آباد اور ملتان کے مختلف کالجوں میں خدمات انجام دیتے رہے۔ رفعت عباس کو ان کی سرائیکی کافیوں کے حوالے سے غیر معمولی شہرت حاصل ہے۔ سرائیکی زبان و ادب کے فروغ اور علاقہ کے حقوق کے لئے ان کے بہت سے اشعار، نظمیں اورکافیاں ضرب المثل کی حیثیت اختیارکرچکی ہیں۔ رفعت عباس نے سرائیکی شاعری کے علاوہ ناول اور حکایات بھی تحریرکیں۔ ان کے شعری مجموعوں میں پڑچھیاں اْتے پْھلَ، بھوندی بھوئیں تے، ایں نارنگی اندر، عشق اللہ سئیں جا گیا اور ناول ’’لون دا جیون گھر‘‘ قابل ذکر ہیں۔ رفعت عباس نے کہا کہ میرے لئے اس اعزاز کی یہ اہمیت ہے کہ میں نے اپنی زبان اور شناخت کے لئے جو جدوجہد کی اسے آج تسلیم کر لیا گیا ہے۔ اس اعزاز نے مجھے یہ تقویت دی ہے کہ میں نہ صرف سرائیکی بلکہ اس ملک میں بسنے والے تمام محروم طبقات اور اقوام کے لئے اسی طاقت کے ساتھ بات کرتا رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف میرا نہیں میرے تمام دوستوں اور پورے سرائیکی وسیب کا اعزاز ہے۔