وزیراعظم عمران خان سے گزشتہ روز چین کے سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر پاک چین تعلقات‘ سی پیک‘ ویکسین اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ سفیر نے چینی صدر اور وزیراعظم کی طرف سے پاکستان کے یوم آزادی پر مبارکباد کا پیغام بھی عمران خان تک پہنچایا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ’’پاکستان اور چین آہنی بھائی ہیں اور کسی بھی دشمن قوت کو اس دوستی کو کمزور کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔‘‘
پاک چین دوستی بلاشبہ دنیا میں مثالی ہے۔ دونوں عظیم مملکتیں اعتماد اور یقین کے مضبوط رشتے سے بندھی ہیں‘ پاک چین تعلقات دشمنوں کے سینے پر انگارے کی مانند ہیں جس وجہ سے دشمن ہمیشہ سازشوں کے تانے بانے بننے کی ناکام کوشش میں لگا رہتا ہے اور پاکستان چین کے مشترکہ مفادات کو نشانہ بنانے کی مذموم حرکتیں کرتا رہتا ہے۔ کیونکہ سی پیک کا تاریخ ساز منصوبہ دشمنوں اور مخالفین کے دلوں میں چبھتااور آنکھوں میں کھٹکتاہے۔ اس کے علاوہ چین کے اشتراک سے شروع کئے جانے والے دیگر منصوبوں کے خلاف بھی دشمن اور اس کے آلہ کار و سہولت کار سازشوں میں مصروف ہیں‘ داسو ڈیم کا واقعہ بھی اسی سلسلے کی کڑی تھا تاکہ دونوں آہنی بھائیوں میں غلط فہمیاں پیدا کرکے اپنے مذموم مقاصد حاصل کئے جا سکیں لیکن نصرت خداوندی سے دونوں ملکوں کی مضبوط حکمت عملی عسکری و سیاسی قیادتوں کے دانشمندانہ اور بروقت فیصلوں کے باعث دشمن ہمیشہ نامراد ہی رہا۔ امید ہے کہ سی پیک کی بروقت تکمیل سے خطے میں معاشی انقلاب آئیگا اور یہ منصوبہ ہر لحاظ سے اپنی مثال آپ ہوگا۔ ہمیں بہرصورت دشمن کے ناکام عزائم خاک میں ملانے کیلئے پاک چین دوستی کو مزید مضبوط اور مزید قابلِ بھروسہ بنانا ہے۔