جناب وزیر اعظم توجہ فرمائیں !

Aug 15, 2021

مکرمی! آپ کے عنان حکومت سنبھالنے سے عام آدمی کو ایک حوصلہ ملا تھا کہ وہ اب مایوسی کے اندھیرے سے نکل کر ایک خوشحال اور خوددار زندگی کی ابتداء کرے گا لیکن کچھ عرصے میں سیمنٹ سریا اور دیگر کنسٹرکشن مٹیریل کی قیمتوں میں جس تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اس سے کنسٹرکشن بزنس کمیونٹی اور عوام شدید متاثر ہوئے ہیں۔ اکتوبر 2020 میں ایک بیگ سیمنٹ 480 روپے میں ڈیلر کو ملتا تھا اور ریٹیل میں 500 سے 510 تک بکتا تھا۔ صرف تین مہینوں بعد دسمبر 2020 تک اس ایک بیگ سیمنٹ کی قیمت 40 روپے بڑھ کر 550 تک جا پہنچی۔ پھر اپریل 2021 میں سیمنٹ بیگ کی قیمت 30 روپے اضافے سے 580 روپے تک چلی گئی اور آج مزید 3 مہینوں بعد یعنی  اگست 2021 میں یہی سیمنٹ کا بیگ عوام کو 95 روپے اضافے سے ریٹیل میں  670 سے 675 روپے کا مل رہا ہے۔ سیمنٹ صرف جپسم سے تیار ہوتا ہے اور اللہ تبارک وتعالیٰ کے فضل سے پاکستان جپسم سے مالا مال ہے پھر نہ جانے کیوں سیمنٹ کی قیمتیں اتنی تیزی سے کیوں بڑھائی جا رہی ہیں؟؟؟اسی طرح 60 گریڈ سریا جنوری 2021 میں 12 ہزار اضافے کیساتھ 1 لاکھ سترہ ہزار فی ٹن میں فروخت ہونے لگا ، پھر مارچ 2021 تک سریے کی قیمت دس ہزار روپے کے اضافے سے 1 لاکھ 27 ہزار فی ٹن تک جا پہنچی مگر پچھلے تین مہینوں میں یہی سریا  58 یزار روپے فی ٹن مہنگا  ہو چکا ھے اور آج کی تاریخ میں 1 لاکھ اسی ہزار سے 1 لاکھ پچاسی ہزار فی ٹن عوام خریدنے پر مجبور ہیں۔اسی طرح تعمیراتی صنعت سے متعلقہ تمام اشیاء مثلاً اینٹ ، بجری ، لکڑی ، بجلی اور سینیٹری کے سامان کی قیمتیں بھی مسلسل بڑھ رہی ہیں اور ریت جو کہ دریائے راوی سے نکلتی ھے اسکی قیمتیں آخر کون بڑھا رہا ہے؟؟؟ اس بے رحم مہنگائی سے صرف سرمایہ دار پھل پھول رہا ہے جبکہ عوام کی چیخیں نکل رہی ہیں۔ جناب وزیر اعظم ! ایسے میں آپکا 50 لاکھ سستے گھر دینے کا منصوبہ کیسے مکمل ہو پائے گا؟؟ اس بے لگام مہنگائی سے آپکا یہ منصوبہ کہیں خدا نہ کرے اپنی موت آپ نہ مر جائے ۔عوام جانتے ہیں کہ آپ کو پہلے دن سے ہی مشکلات کا سامنا ہے اور آپ مضبوط ارادے اور Commitment کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں اور بقول آپکے چاروں طرف مافیا حائل ہو رہا ہے اور یہی مافیا عوام کا خون نچوڑ رہاہے ، عوام نے آپ سے بے حساب امیدیں لگائیں تھی کہ "آئے گا عمران۔۔۔ بنے گا نیا پاکستان"۔ انہیں عوام نے آپکو کرسی اقتدار پر بٹھانے کیلئے دن رات ایک کر دیا تھا مگر آج عوام مایوس ہے ، پریشان ہے اور اس مایوس کن صورتحال میں بھی آپکے ساتھ کھڑی ہے سو جناب وزیر اعظم اس بے رحم مہنگائی کو آہنی ہاتھوں سے روکیں اور کم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کریں اور عوام کی دعائیں لیں۔ (طیب احمد ، صدر لاہور پاکستان جاگو تحریک)

مزیدخبریں