لاہور(نیورپورٹر) نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) نے ملک بھر میں اپنے دفاتراورگرڈ سٹیشنز پر 74واں یوم آزادی پورے جوش و جذبے سے منایا۔ لاہور میں 220کے وی گرڈ سٹیشن نیوکوٹ لکھپت میں مہمان خصوصی منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی انجینئر اعزاز احمد نے ایک پروقار تقریب میں پرچم کشائی کی۔ تقریب میں ملی نغمے اور قومی ترانہ بھی نشر کیا گیا۔این ٹی ڈی سی سکیورٹی گارڈز کی جانب سے سلامی بھی دی گئی۔ واضح رہے کہ تقریب میں کرونا وائرس سے بچائو کیلئے حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی این ٹی ڈی سی انجینئر اعزاز احمد نے آزاد ی کے حصول کیلئے قربانیوں کا ذکر کیا اور اس آزادی کو برقرار رکھنے کیلئے ذمہ داریوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے این ٹی ڈی سی ملازمین پر زور دیا کہ وہ قومی ترقی اور ادارے کیلئے دیانتداری، جذے اور لگن کے ساتھ کام کریں۔انہوں نے وزیراعظم کی مہم کلین اینڈ گرین پاکستان کے تحت گرڈ سٹیشن پر پودا بھی لگایا۔