کابل: امریکی بلیک ہاک ہیلی کاپٹرز پر بھی طالبان قابض

Aug 15, 2021 | 11:16

ویب ڈیسک

کابل: طالبان نے 60 لاکھ ڈالر کے امریکی بلیک ہاک ہیلی کاپٹروں سمیت کئی ٹن کا امریکی سازوسامان قبضے میں لے لیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق طالبان کی افغانستان میں تیزی سے پیش قدمی کا سلسلہ جاری ہے۔ طالبان نے امریکہ کا بڑی تعداد میں عسکری سازوسامان قبضے میں لے لیا جبکہ قبضے میں لیے گئے ہیلی کاپٹر کی قندھار شہر میں پرواز بھی کی گئی۔

روسی ساختہ ہیلی کاپٹروں کا اڑانے والے افغان حکومت کے پائلٹس ہیں جو طالبان کے ساتھ شامل ہو گئے تھے اور ان ہیلی کاپٹروں کی کابل کے نواح میں پروازیں اور ان کے ذریعے حملوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔امریکہ نے طالبان سے لڑنے کے لیے افغان حکومت کو اربوں ڈالر کے ہتھیاروں اور آلات فراہم کیے تھے لیکن مقامی حکومتوں کے خاتمے اور افغان فوج کی شکست کے بعد اب یہ عسکری سازوسامان طالبان کے استعمال میں آ رہا ہے۔

امریکہ کے جدید ترین ہیلی کاپٹروں کا طالبان کے قبضے میں آنے سے افغان فوج کو مزید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ اب طالبان کی جانب سے ہوائی حملے کا بھی امکان بڑھ گیا ہے۔دوسری جانب طالبان نے جلال آباد پر بغیر لڑے ہی کنٹرول حاصل کر لیا اور گورنر جلال آباد نے طالبان کے سامنے ہتھیار ڈال دیے۔

مزیدخبریں