کورونا کیسز کی شرح میں کمی، 67 اموات، 3711 نئے کیسز رپورٹ

 اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی شرح میں کمی ، ملک میں وباء سےمتاثرہ مزید 67 افراد دم توڑ گئے جبکہ 3711 کو موذی وائرس نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے اتوار کی صبح جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں مثبت شرح میں کمی دیکھی گئی اورملک میں مزید 67 افراد کورونا کی وجہ سے جاں بحق ہوگئے جبکہ 3711 شہری وباء سے متاثر ہوئے۔


این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق 67 نئی اموات کے اضافے کے بعد مجموعی طور پر کورونا سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 24406 ہو گئی جبکہ نئے 3711 کیسز کے بعد ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد 10لاکھ 98ہزار410 ہو گئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پورے پاکستان میں مجموعی طور پر 54204 ٹیسٹ کیے گئے جبکہ مثبت تناسب 6اعشاریہ 8 فیصد رہا۔دوسری جانب این سی او سی نے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹر اتھارٹی کے اشتراک سے پاک کووڈ 19 ویکسی نیشن پاس ایپ لانچ کر دی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے ایپ کو کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کا ڈیجیٹل والٹ قرار دیا ہے۔

اس حوالے سے این سی او سی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے تصدیقی ٹویٹ بھی جاری کی گئی ہے۔
گزشتہ روز نادرا کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے بھی ٹویٹ جاری کی گئی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ ویکسینیشن سرٹیفکٹ کی تصدیق کے لیے نادرا کی نئی موبائل ایپ کووڈ 19 پاس کا اجرا کر دیا گیا ہے۔
اس موبائل ایپ کے ذریعہ اندرون و بیرون ملک سفر کرنے والے پاکستانی یا حکومتی ادارے کسی بھی وقت ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کی فوری تصدیق کر سکتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن