اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) حکومت نے پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر پاکستان کا ری ریکارڈڈ قومی ترانہ جاری کر دیا۔ لیاقت علی خان کے بعد شہباز شریف دوسرے منتخب وزیراعظم ہیں جنہوں نے ری ریکارڈڈ قومی ترانے کا اجرا کیا۔ قومی ترانہ کی دوبارہ ریکارڈنگ کے لئے جون 2021 میں سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی اور اپریل 2022 میں موجودہ حکومت کی طرف سے اسے مزید مینڈیٹ دیا گیا۔ سٹیئرنگ کمیٹی نے اصل قومی ترانے کی دوبارہ ریکارڈنگ میں دھنوں کی کمپوزیشن کے ساتھ ساتھ اصل الفاظ کی حرمت کو برقرار رکھتے ہوئے نئی آوازوں اور تاثرات کو شامل کیا۔ قومی ترانے کی ری ریکارڈنگ میں پاک فوج کے بری، بحری اور فضائیہ کے بینڈز کے 48 موسیقاروں نے حصہ لیا جنہوں نے موسیقی کے آلات کو مہارت سے بجایا جبکہ نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کے30 اور تمام صوبوں، علاقوں اور عقائد کی نمائندگی کرنے والے 125 سے زیادہ گلوکار اس عمل میں شامل رہے۔ متعدد ٹریکس کو ریکارڈ کرنے اور مکسنگ اور فیوژن کو مکمل کرنے کے لئے جدید ترین ڈیجیٹل ٹکنالوجی کا استعمال کیا گیا۔ نم فلمز کی جانب سے قومی ترانے کے نئے ورژن کی ایک رنگین کیلیڈوسکوپ ویڈیو بھی تیار کی گئی۔ پاکستان کے قومی ترانے کی ری ریکارڈنگ کیلئے قائم سٹیئرنگ کمیٹی کے چیئرمین سابق سینیٹر جاوید جبار تھے۔ کمیٹی کے 16 ارکان میں شامل 10 ارکان نے رضاکارانہ طور پر خدمات انجام دیں جبکہ کمیٹی کے دیگر ارکان میں 5 سینئر سول حکام اور ایک سینئر ملٹری اہلکار شامل تھے۔ قومی ترانے کی تاریخ بھی ترانے کی طرح حیران کن ہے۔ دسمبر 1948 میں حکومت پاکستان نے پاکستان کے باضابطہ سرکاری قومی ترانے کی تشکیل اور دھن کی تیاری کے لئے نیشنل اینتھم کمیٹی (این اے سی) تشکیل دی تھی۔ قومی ترانہ کمیٹی کے چیئرمین اس وقت کے وزیر تعلیم فضل الرحمان تھے جنہوں نے مختلف شاعروں کو شعر اور کمپوزرز کو دھن کی تشکیل کے لئے کہا لیکن کسی نے بھی موزوں مواد جمع نہیں کروایا۔ کمیٹی نے موصول ہونے والے 723 میں سے شاعر حفیظ جالندھری کے کلام کو پسند کیا، اس ترانے کو سرکاری طور پر اپنانے سے پہلے ہی اس کی دھن بنا لی گئی تھی۔ 30 مارچ 1950 کو یہ قومی ترانہ شاہ آف ایران کے دورہ پاکستان کے موقع پر پہلی مرتبہ بجایا گیا۔ اس وقت یہ ترانہ کراچی میں پاکستان نیوی کے بینڈ کی جانب سے پیش کیا گیا۔ 13 اگست 1954 کو وہ یادگار دن تھا جب قومی ترانہ ریڈیو پاکستان کی جانب سے عوامی نشریاتی رابطے پر نشر کیا گیا۔ پاکستان کے قومی ترانے کی اصل دھن احمد غلام علی چھاگلہ نے 1949 میں ترتیب دی تھی۔ اس ترانے کے انتہائی مسحور کن اشعار مرحوم حفیظ جالندھری نے 1952 میں لکھے تھے۔ یہ ترانہ فارسی زبان میں لکھا گیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ خوشی ہے کہ 68 سال بعد پہلی مرتبہ پاکستان کے قومی ترانے کو دوبارہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس میں ملک بھر کی مختلف ثقافتوں، رنگوں، نسل اور پاکستانیوں کی صلاحیتوں اور کامیابیوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔ یہ وفاق پاکستان کے خوبصورت گلدستے کی عکاسی ہے۔ آئی ایس پی آر سمیت قومی ترانہ دوبارہ ریکارڈ کرنے والی ٹیم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
دوبارہ ریکارڈ شدہ قومی ترانہ جاری‘ وزیراعظم کی آئی ایس پی آر سمیت پوری ٹیم کو مبارکباد
Aug 15, 2022