کشمیریوں نے پاکستان کا یوم آزادی منایا ، سبز ہلالی پرچموں کی بہار

سری نگر (کے پی آئی+ نوائے وقت رپورٹ+ اے پی پی) کنٹرول لائن کے دونوں طرف اتوار کو یوم آزادی پاکستان جوش وخروش سے منایا گیا۔ زیرتسلط کشمیر میں بھی  کچھ مقامات پر پاکستانی پرچم لہرائے گئے۔ بھارتی فورسز اور پولیس اہلکاروں کی بھاری تعداد میں تعیناتی، ڈرونز اور سی سی ٹی وی کیمروںکے ذریعے سخت نگرانی کے باوجود کشمیریوں نے پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کرنے کے لیے سرینگر، بارہمولہ، بڈگام، شوپیاں، پلوامہ، اسلام آباد، کولگام اور جموں کے کئی علاقوں میں پاکستانی پرچم لہرائے۔ انہوں نے پاکستان کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے بلند کئے۔ سرینگر میں لوگوں نے بھارتی فورسز کی طرف سے انتقامی کارروائی کی پرواہ کئے بغیر پاکستان کے یوم آزادی پر اپنی خوشی کا اظہار کرنے کے لیے پٹاخے پھوڑے اور سبز اور سفید رنگ کے غبارے ہوا میں چھوڑے۔ بھارت نے وادی کو ایک فوجی چھائونی اور کھلی جیل میں تبدیل کر دیا ہے‘ نوجوانوں نے بارہمولہ اور بڈگام کے علاقوں میں بھارتی پرچم نذر آتش کردیئے جو بھارتی حکام نے انہیں زبردستی دیئے تھے۔ کشمیری عوام  آج  نام نہاد بھارتی یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے۔ فورسز نے جامہ تلاشی کا سلسلہ تیز کر دیا ہے جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ خاص طور پر سرینگر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ سرینگر کے کرکٹ سٹیڈیم جہاں سرکاری تقریب منعقد ہونی ہے، کے ارد گرد بھارتی پیراملٹری فورسزکی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے اور نئے بنکر اور رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں۔ ڈرون کے ذریعے بھی سٹیڈیم کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ بھارتی غیرقانونی قبضے والے کشمیر کے حریت رہنماؤں نے پاکستان کے یوم آزادی پر مبارکباد کے پیغام میں کہا 75 ویں یوم آزادی پر پاکستان میں امن و خوشحالی کی دعائیں کی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن