اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میں اپنی قوم کو امپورٹڈ سرکار اور ریاستی مشینری کی جانب سے ان میڈیا ہائوسز اور صحافیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی ایک نہایت غیر معمولی مہم کے بارے میں متنبہ کرنا چاہتا ہوں جو پی ٹی آئی اور میرا بیانیہ عوام تک پہنچاتے ہیں۔ اپنے بیان میں عمران خان نے کہا کہ صحافیوں نے دھمکیوں، پرتشدد حملوں اور گرفتاریوں کا سامنا کیا۔ میڈیا اور آزادی اظہار کے معاملے کو میں آئندہ ہفتے سے اپنی ملک گیر عوامی رابطہ مہم کا حصہ بنائوں گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے محض مجھے اور پی ٹی آئی کو نشانہ بنانے کے لئے اختیار کئے گئے ہتھکنڈے کامیاب ہونے کی اجازت دی تو آمریت کے وہی تاریک دن لوٹ آئیں گے جن کے دوران آزاد میڈیا، حریت اظہار کی قطعاً گنجائش نہیں ہوا کرتی تھی۔ عمران خان نے کہا کہ آئین کی روح کے مطابق ایک آزاد میڈیا اور اظہار کی آزادی کے بغیر تو حقیقی آزادی ممکن نہیں۔
آزاد میڈیا ، آزادی اظہار کو عوامی رابطہ مہم کا حصہ بناؤں گا : عمران
Aug 15, 2022