اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے میجر طلحہ منان کے گھر جا کر فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعظم میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے میجر طلحہ شہید کے اہل خانہ سے ملاقات بھی کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ رات خوست، ہرنائی، بلوچستان میں دہشت گردوں کے سکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مزموم عزائم کو ناکام بناتے ہوئے نائیک عاطف اور سپاہی قیوم کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالی شہداء کے درجات بلند کرے اور ان کے اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا کرے۔ وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ وہ زخمی ہونے والے میجر عمر کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی، شہداء ہمارا فخر ہیں، مجھ سمیت پوری قوم کی تمام تر دعائیں شہداء اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے میجر طلحہ منان شہید کے اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہداء ہماری قوم کا فخر ہیں۔ ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ شہید طلحہ منان کی ملک و قوم کے لئے قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے شہید طلحہ منان کی والدہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔