معاشرہ خواتین کی شمولیت کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا، بچیوں کی تعلیم ضروری: صدر علوی

Aug 15, 2022

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ آپﷺ نے اپنے طرز عمل سے سبق دیا کہ بے سہارا بچوں پر اللہ اور اس کے رسولﷺ کا سایہ ہے، بچوں بالخصوص بچیوں کی تعلیم و تربیت اس ملک کے لیے بہت ضروری ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم آزادی کے موقع پر یتیم بچیوں کے ادارے کاشانہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے عید کے موقع پر یتیم بچے کے سر پر ہاتھ رکھا، آپﷺ بچوں پر خصوصی شفقت فرماتے تھے، آپﷺ نے اپنے طرز عمل سے سبق دیا بے سہارا بچوں پر اللہ اور اس کے رسولﷺ کا سایہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچیوں کی تعلیم و تربیت خصوصی اہمیت کی حامل ہے۔ قائد اعظم محمد علی جناح نے عورتوں کی برابری کی تلقین کی، کوئی بھی معاشرہ عورتوں کی شمولیت کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہمیں بحیثیت قوم غیبت سے پرہیز کرنے کی ضرورت ہے، ہم کسی کے غلام نہیں اور نہ رہنا چاہتے ہیں، انگریزوں کی غلامی کے بعد اب کسی کی غلامی نہیں کریں گے۔ صدر مملکت  نے اس موقع پر بچیوں اور خاتون اول کے ہمراہ آزادی کا کیک بھی کاٹا۔ 

مزیدخبریں