لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان کیلئے لاکھوں لوگوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ہماری شناخت پاکستان سے ہے۔ پاکستان نہ ہوتا توہماری کوئی شناخت نہ ہوتی۔ پاکستان کی مسلح افواج کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وطن کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا ہے۔ پاکستان کے خلاف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ وہ حضوری باغ میں پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ وطن کو سنوارنے کیلئے اپنے اپنے حصے کا کام کریں۔ پاکستان نے ہم سب کو بہت کچھ دیا ہے، اب ہم نے اس کا قرض اتارنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں شہدائے کشمیر کو بھی نہیں بھولنا، جو اپنے لہو سے آزادی کی شمع روشن کیے ہوئے ہیں۔ قائداعظم نے کہا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیر بنے گا پاکستان۔ انہوں نے کہا کہ وطن کی حفاظت اور امن کی خاطر قربانیاں دینے والے سکیورٹی فورسز و پولیس کے افسروں اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ اقلیتوں کا احترام ہمارا فرض ہے۔ خصوصی بچوں کیلئے میں نے اپنے سابقہ دور میں متعدد ادارے بنائے۔ انشاء اللہ اب خصوصی بچوں کے اداروں میں اضافہ کریں گے۔ میں نے اپنے سابقہ دور میں میٹرک تک تعلیم فری کی، اب گریجوایشن تک تعلیم کو فری کریں گے۔ پاکستان کا مستقبل روشن اور تابناک ہے۔ صوبے میں سپورٹس کی سہولتوں کو ڈبل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہسپتالوں کی ایمرجنسیز میں ادویات کو فری کر دیا ہے۔ پنجاب کو مثالی صوبہ بنا کر دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ، چین، امریکہ اور ایران کے ساتھ ہمارے اچھے تعلقات ہیں اور آج ان ممالک کے قونصل جنرل یوم آزادی کی خوشیوں میں شرکت کیلئے آئے ہیں، جس پر میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ہم سب ملکر پاکستان کے دفاع کو مزید مضبوط کریں گے۔ آئیے مل کر عہد کریں کہ ہم وطن کو عظیم سے عظیم تر بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے ملی نغمے گانے والی خصوصی بچیوں کے لئے تین لاکھ روپے اور لیڈ سنگر کیلئے50ہزار روپے انعام کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے ملی نغمے گانے والے بچے و بچیوں کیلئے 3لاکھ روپے، لیڈ سنگر کیلئے50ہزار روپے اور سکاؤٹس کیلئے 2لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے پولیس بینڈ کیلئے 1لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی ملی نغمے گانے والی خصوصی بچیوں کے پاس گئے اور ان کے ساتھ ملکر ملی نغمہ گایا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے خصوصی بچیوں کے سر پر دست شفقت رکھا اوران کی تعریف کی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے بچوں کے ساتھ تصویریں بنوائیں۔ ایڈمنسٹریٹر لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے پاکستان کے75واں یوم آزادی کے موقع پر حضوری باغ میں شاہی قلعہ کے عالمگیری دروازہ پر پرچم کشائی کی۔ پرچم کشائی کے بعد پاکستان کا قومی ترانہ بجایا گیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے مزار اقبال پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ مزار اقبال پر فاتحہ خوانی کی۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مولانا عبدالخبیر آزاد نے دعا کرائی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے مزار اقبال پر وزیٹرز بک میں تاثرات درج کیے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے ہرنائی، بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی چوکی پردہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالہی نے کہا کہ شہید نائیک عاطف اور شہید سپاہی قیوم نے بہادری کے ساتھ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالہی نے شہداء کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر زخمی میجر عمرکی بہادری کو سلام پیش کرتے ہوئے جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید ہونے والے بہادر سپوت قوم کے ہیرو ہیں۔
پاکستان کا مستقبل تابناک پرویزالٰہی : گرایجویشن تک تعلیم مفت کرنے کا اعلان
Aug 15, 2022