اپنا محاسبہ کرنا ہوگا ، نیشنل ڈائیلاگ ضروری : وزیراعظم 

Aug 15, 2022

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارے آباء و اجداد کی قربانیوں کا ثمر ہے جسے آئین‘ جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کیلئے حاصل کیا۔ اس وقت ہمیں نیشنل ڈائیلاگ کی اشد ضرورت ہے۔ قیام پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی 75 ویں یوم آزادی کی مرکزی تقریب اسلام آباد کے جناح کنونشن سنٹر میںہوئی جس میں وزیراعظم‘ چیئرمین سینٹ‘ وفاقی وزراء سمیت سیاسی اور عسکری حکام‘ سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے سبز ہلالی پرچم کو فضا میں بلند کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کے موقع پر بحیثیت قوم آج ہمیں اپنا محاسبہ کرنا ہوگا، اس کے لیے ہمیں نیشنل ڈائیلاگ کرنے کی ضرورت ہے، ہم نے اپنے بزرگوں کی طرح پاکستان کو دنیا کی معاشی قوت بنانے کا عہد کیا ہے۔ قوم اس عہد کی تجدید کے ساتھ آج مادر وطن پاکستان کے یوم آزادی کی 75ویں سالگرہ منا رہی ہے کہ وہ ملک کو ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے تحریک پاکستان کے جذبے کے ساتھ کام کرے گی۔ وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ ہم پاکستان کا 75واں یوم آزادی منا رہے ہیں، ہم دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہیں اور پاکستان کی تعمیر و ترقی میں ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آج کے دن ہماری دعا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام بھی جلد آزادی کی نعمت حاصل کر سکیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ دنوں میں بلوچستان میں ہونے والی طوفانی بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان ہوا، اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور زخمی ہونے والوں کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک آزادی پاکستان کی ولولہ انگیز داستان ہمارے لیے ایک سبق ہے کہ جب قومیں کوئی مقصد طے کر لیتی ہیں تو پھر کوئی طاقت اس کو نصب العین کو حاصل کرنے سے روک نہیں سکتی، انہوں نے کہا کہ ہم جہدوجہد آزادی کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ان ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو تقسیم ہند کے خونی دور کی نذر ہوگئیں۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ وطن عزیز کے قیام میں صرف مسلمانوں نے ہی نہیں بلکہ اقلیتی برادری نے بھی اپنا بھرپور حصہ ڈالا، ہم ان کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی امن کی کوششوں میں پاکستان کا کردار نمایاں ہے، کھیل کے میدانوں میں ہمارے کھلاڑیوں نے پاکستان کا پرچم سربلند کیا ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ ہم نے ترقی نہیں کی، تاہم یہ حقیقت اپنی جگہ موجود ہے کہ جس تسلسل، توجہ اور رفتار سے ہم نے اپنی منزل کو حاصل کرنا تھا اس میں ہم سے اجتماعی کوتاہیاں ہوئی ہیں، یہ مشن آج ہمارے سامنے ہے اور جسے ہم نے پورا کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بحیثیت قوم آج ہمیں اپنا محاسبہ کرنا ہوگا، اس کے لیے ہمیں نیشنل ڈائیلاگ کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ ماضی کی غلطیوں کی واضح نشاندہی کے ساتھ ساتھ اصلاح احوال کی مخلصانہ جدوجہد کا آغاز ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کوششوں کا نکتۂ آغاز میثاق معیشت بن سکتا ہے، ہمیں دنیا کی بڑی معیشتوں میں شامل ہونے کا ہدف قومی مقرر کرنا ہوگا، یہی مستقبل کی راہ ہے، اگر ہم جوہری قوت بن سکتے ہیں تو معاشی قوت کیوں نہیں بن سکتے؟۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن پاکستان کی سول سوسائٹی کی خدمات کے بھی اعتراف کا دن ہے، ہم عبدالستار ایدھی، ڈاکٹر رتھ فاؤ جیسی انسان دوست تمام شخصیات کی خدمات کو سلام پیش کرتے ہیں، ذرائع ابلاغ، دانشوروں اور تمام اہل قلم کے کردار کا تذکرہ کیے بغیر پاکستان کی تاریخ مکمل نہیں ہوسکتی۔ وزیراعظم نے کہا دنیا پر یہ ثابت کرنا ہوگا کہ پاکستان صلاحیت، جذبے اور تخلیقی قوتوں میں دنیا کی کسی قوم سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ آزادی بڑی قربانیوں کے بعد حاصل ہوئی ہے، اس کی حفاظت کے لیے ہم اپنے خون کا آخری قطرہ تک بہائیں گے، مایوسیاں پھیلانے والوں کی پھر ہار ہوگی، ہم سب مل کر پاکستان کو معاشی ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار کریں گے، بہادر مسلح افواج کے ساتھ مل کر دشمنوں کے عزائم خاک میں ملا دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان ملک کا سرمایہ اور ہمارا مستقبل ہیں، نوجوانوں نے ہی اس ملک کو آگے لے کر جانا ہے، نوجوانوں کو مواقع کی فراہمی ہماری ذمے داری ہے، ماضی سے بھی نوجوان ہماری ترجیحات کا مرکز رہے ہیں اور آج بھی ہیں، ہمیں نوجوانوں کے ساتھ مل کر کشکول کو سمندر میں پھینکنے کے لیے دن رات محنت کو شعار بنانا ہوگا۔ اے پی پی کے مطابق جناح کنونشن کی مرکزی تقریب میں وزیراعظم محمد شہبازشریف نے پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر قومی ترانہ بھی پڑھا گیا۔ تقریب میں چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی‘ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف‘ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری‘ وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب‘ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ‘ ریاض پیرزادہ‘ شاہ زین بگٹی‘ شیری رحمن‘ مرتضیٰ جاوید عباسی‘ مولانا اسعد محمود‘ خالد مگسی‘ انجینئر امیر مقام‘ عسکری قیادت‘ اراکین پارلیمنٹ‘ غیرملکی سفارتکاروں اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک کو معاشی قوت بنانے کا عہد کیا ہے۔ اس لئے آئیں کشکول توڑنے کیلئے ہم سب ایک ہو جائیں۔ وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ شرپسند قوتوں کو ملی یکجہتی اور باہمی اتحاد سے کچل دیں گے اور مسلح افواج کے ساتھ مل کر دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیں گے۔ مایوسیاں پھیلانے والوں کی پھر ہار ہوگی۔ مقبوضہ کشمیر کو جلد آزادی ملے گی۔ اللہ تعالیٰ مقبوضہ کشمیر اور فلسطینی عوام کو آزادی نصیب فرمائے۔ دریں اثنا وزیراعظم اسلام آباد میں بچوں کے کفالت کے ادارے سویٹ ہومز میں جشن آزادی کی تقریب میں پہنچے۔ اس موقع پروزیراعظم نے سویٹ ہومز کے بچوں کیلئے بسیں دینے کا اعلان بھی کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم بچوں کے ساتھ گھل مل گئے اور تبادلہ خیال بھی کیا۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم دن رات محنت کر کے پاکستان کی تقدیر بدلیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی بہارہ کہو بائی پاس کا منصوبہ دن رات ایک کر کے چار ماہ میں مکمل کیا جائے، اسلام آباد انٹرسٹی بسوں کا منصوبہ ایک ماہ میں مکمل کیا جائے، اتوار کو وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر راول چوک فلائی اوور اسلام آباد کا افتتاح کیا۔ وزیراعظم کے ہمراہ وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگ زیب، سابق اراکین اسمبلی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ چیئرمین سی ڈی اے عامر احمد علی کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔ دریں اثنا وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ75 واں جشن آزادی مناتے وقت ہمیں پاکستان کے معماروں کے نظریات سے راہنمائی لیتے ہوئے قومی تعمیرِ نو کیلئے لوگوں کی فلاح کو اپنی اولین ترجیح بنانا ہوگا، آج کے دن پوری قوم، برصغیر کے مسلمانوں کو مملکت خداداد پاکستان کے قیام کیلئے بے مثال جدوجہد پر خراج تحسین اور لازوال قربانیوں پر نظرانہ عقیدت پیش کرتی ہے۔ یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آئیں مل کر عہد کریں کہ ہم پاکستان کو اپنے اجداد کے نظریات کے عین مطابق ایک فلاحی ریاست بنائیں گے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آزادی کا دن ہمارے شہداء کی ناقابل فراموش قربانیوں کو خراج تحسین پیش کئے بغیر مکمل نہیں ہو سکتا۔ اتوار کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا ہمارے شہداء نے ہمیشہ اپنے لہو سے پاک وطن کی حفاظت کی ہے۔

مزیدخبریں