گورنر ہاﺅس میں گراں قدر خدمات انجام دینے والوں کے اعزاز میں تقریب

Aug 15, 2022


لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر ہاﺅس لاہور میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے پرچم کشائی کی اس موقع پر جشن آزادی کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔ سکول اور بچوں کے طلبہ نے ملی نغمے پیش کیے۔ گورنر پنجاب نے پوری قوم کو پاکستان کے75ویں یوم آزادی مبارک دی اور کہا کہ ہر پاکستانی کو پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے اور وہ دن دور نہیں جب ملک سے دہشت گردی، معاشی بحران سمیت دیگر بحرانوں کا خاتمہ ہو جائے گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے ہرنائی، بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی چوکی پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی۔ شہید ہونے والے لانس نائیک عاطف اور سپاہی قیوم کو خراج عقیدت اور زخمی ہونے والے میجر عمر کی جرات کو سلام اور جلد صحت یابی کی دعا کی۔ گورنر ہاﺅس لاہور میں مختلف شعبوں میں نمایاں گراں قدر خدمات سرانجام دینے والی شخصیات میں تعریفی اسناد تقسیم کرنے کی تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تعلیم، صحت کے شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والے اور سماجی و کاروباری شخصیات میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ گورنر پنجاب نے اقبال احمد قرشی، ڈاکٹر گوہر اعجاز، ایس ایم پرویز، ڈاکٹر جہاں آرا، صغریٰ صدف، اوور سیز پاکستانی رائے غلام عباس بھٹی، مجیب الرحمن شامی، امجد ثاقب، ایم پی اے سردار رمیش سنگھ اروڑہ، اشتیاق بیگ، پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمن، ڈاکٹر رﺅف اعظم، طلعت نصیر پاشا، مسز پروین تواب سمیت دیگر شخصیات میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔
گورنر ہاﺅس/ تقریب

مزیدخبریں