مانانوالہ( نامہ نگار)پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی چوہدری محمود الحق نے کہا ہے کہ پاکستان رہتی دنیا تک قائم رہنے کے لیے بنا ہے،اس کی حفاظت کے لیے اپنا سب کچھ لٹا دینے کا عزم ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم آزادی کے حوالے سے مانانوالہ میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں ڈاکٹر طارق گلزار ملک صدر مسلم لیگ ن مانانوالہ،امانت علی زیب چیئرمین پاکستان فلاح پارٹی،حبیب اللہ نعیمی صدر مانانوالہ پریس کلب رجسٹرڈ،سمیت کونسلرز اور حلقہ بھر سے آئے سینکڑوں افراد موجود تھے۔اس موقع پر پرچم کشائی کی گئی اور وطن عزیز کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ڈاکٹر طارق گلزار ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک وطن وہ چمن ہے جس کی آبیاری ہمارے بزرگوں نے اپنے لہو سے کی،اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس کی ترقی و خوشحالی کے لیے دن رات محنت کریں۔علاوہ ازیں یوم آزادی کے سلسلے میں خدمت انسانیت سوسائٹی مانانوالہ کے زیر اہتمام ایک تقریب منعقد کی گئی اور چوک مصطفی سے لاری اڈہ مانانوالہ تک ریلی نکالی گئی جس میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صدر خدمت انسانیت سوسائٹی مانانوالہ مرزا علی عابد بیگ نے کہا کہ پاکستان لا تعداد قربانیوں کے بعد حاصل ہوا،اس کی خاطر لا تعداد مرد و خواتین اور بچوں نے اپنی جان کی قربانیاں پیش کیں،ہزاروں کی تعداد میں معصوم بچوں اور خواتین کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا،ہزاروں ماؤں بہنوں نے اپنی عزت کی قربانی دی مگر افسوس کہ آج ہم نے یہ سب کچھ بھلا دیا اور جس مقصد کے لیے وطن عزیز حاصل کیا تھا اسے پسِ پشت ڈال دیا۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم اسلامی جمہوریہ پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے اور دشمنوں کے عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے تمام تر وسائل اور صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔
پاکستان رہتی دنیا تک قائم رہنے کیلئے بنا ہے: چوہدری محمود الحق
Aug 15, 2022