کراچی(این این آئی)کراچی میں سرکاری پشت پناہی میں لینڈمافیا سرگرم ہوگئی، غریبوں کے پلاٹوں پر قبضے کرکے فروخت کیے جا رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر میں قبضہ مافیا ایک بار پھر سرگرم ہوگیا، ملیر کے علاقے غلام قادر رند گوٹھ میں لینڈ مافیا نے گوٹھ آباد اسکیم کے پلاٹوں پر قبضے کرنے شروع کر دیئے ۔ ، قبضہ مافیا مختیارکار گوٹھ آباد اسکیم کی سرپرستی میں سالوں قبل خریدے گئے پلاٹوں پر مختارکار کی سرپرستی میں لینڈمافیا نے قبضے کرلئے ۔ غلام قادر رند گوٹھ میں پلاٹوں کے اصل مالکان نے احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے کئی سالوں قبل پلاٹ خریدے تھے اور ان کے پاس گوٹھ آباد اسکیم کے تمام تر کاغذات بھی موجود ہیں لیکن لینڈ مافیا مختیارکار گوٹھ آباد اسکیم کی پشت پناہی میں قبضہ کر رہا ہے۔ انہوں نے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، آئی جی سندھ پولیس غلام نبی میمن اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو بقااللہ انڑ سے مطالبہ کیا کہ ملیر کے علاقے غلام قادر رند گوٹھ میں ہمارے پلاٹوں پر قبضہ کرنے والے لینڈ مافیا اور مختیارکار گوٹھ آباد اسکیم کے خلاف کارروائی کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔
سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے زیرِ اہتمام جشن آزادی تقریبات کا انعقاد
کراچی(این این آئی)سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے زیرِ اہتمام جشن آزادی کے سلسلے میں مختلف اضلاع میں جشن آزادی تقاریب منعقد کی گئیں، پرچم کشائی اور جشن آزادی کیک کاٹا گیا۔سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ہیڈ آفس میں سیکریٹری لوکل گورنمنٹ سید نجم شاہ، ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ زبیر احمد چنہ، تمام افسران چائنیز کمپنی کے عہدیداران اور دیگر عملے نے جشن آزادی کیک کاٹا، قومی ترانہ پڑھا گیا اورپاکستان کی سلامتی و خوشحالی اور استحکام کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔تمام اضلاع میں پرچم کشائی کے بعد ملازمین میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔اس موقع پر سیکٹری لوکل گورنمنٹ سید نجم شاہ نے کہا کہ14 اگست یوم یکجہتی کا دن ہے ہم سب پاکستان کی سلامتی واستحکام کے لئے متحد ہونے کا عزم کرتے ہیں۔ یہ ملک بہت قربانیوں کے بعد حاصل ہوا ہے اسکی ترقی اور خوشحالی کے لئے ہم سب اپنا کردار نبھانے کے لئے پر عزم ہیں۔ ایم ڈی زبیر چنہ نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 14 اگست کا دن تمام پاکستانیوں کے لئے بہت اہمیت رکھتا ہے اور یہ اس بات کا احساس دلاتا ہے کہ ہم ایک آزاد وطن میں سانس لے رہے ہیں جوکہ ہمیں بہت جدوجہدکے بعد حاصل ہوا ہے۔یہ دن عہد کا دن ہے کہ ہم سب ملک کی ترقی و استحکام کے لئے ایک ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے ہم اپنے کام اور اپنے اعلی کردار سے ملک میں خوشحالی و سلامتی کے لئے کوشاں ہیں۔اس موقع پر سولڈ ویسٹ آفس کو جھنڈیوں اوررنگ برنگی لائٹس سے سجایا گیا۔