کراچی(این این آئی)ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پاکستان بہت قربانیوں کے بعد ہمیں حاصل ہوا ہے، اس ملک سے ہمارا مستقبل و ابستہ ہے، ہمیں اسے ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں مسلمانوں نے عظیم جدوجہد کی ، ہمیں اسے معاشی، اقتصادی اور معاشرتی طور پر مضبوط فلاحی مملکت بنانا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر شہریوں کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھانے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، میونسپل کمشنر سید افضل زیدی، سینئر ڈائریکٹر کلچر اینڈ اسپورٹس سیف عباس حسنی، سینئر ڈائریکٹر ایچ آر ایم امتیاز ابڑو، سینئر ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ علی حسن ساجد اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے پھولوں کی چادر چڑھانے کے بعد مہمانوں کی کتاب میں تصورات درج کرتے ہوئے تحریر کیا کہ ہم آپ کے مشکور ہیں کہ آپ نے ہمیں پاکستان دیا، اللہ ہمیں پیارے پاکستان اور اس میں رہنے والے تمام پاکستانیوں کا خیال رکھنے کی توفیق عطا فرمائے، میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں آج کراچی کے شہریوں کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں ، ہمیں محب وطن ہونے کے ناطے اس ملک کی بہتری کے لئے سوچنا چاہئے ، پاکستان ہوگا تو معیشت بھی چلے گی ، سیاست بھی چلے گی اور دیگر امور بھی جاری رہیں گے، اس لئے ہمیں سب سے پہلے اپنے وطن کے بارے میں سوچنا چاہئے اس کی فکر کرنی چاہئے اور ملک کے استحکام کے لئے کام کرنا چاہئے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ مون سون سیزن میں معمول سے زیادہ بارشیں ہوئی ہیں جس سے کراچی کی سڑکوں کو شدید نقصان پہنچا ہے ، بارشوں کا سلسلہ ختم ہوتے ہی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا کام شروع کردیا جائے گا۔انہوں نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے صدر دفتر میں پرچم کشائی کی اس موقع پر میونسپل کمشنر سید افضل زیدی کے علاوہ کے ایم سی کے محکموں کے سربراہان سمیت افسران اور عملے کی بڑی تعداد موجود تھی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے پاکستان کا قومی پرچم لہرایا اور اس موقع پر قومی ترانہ بھی پیش کیا گیا۔ پاکستان کی ترقی کا جو خواب قائد اعظم نے دیکھا تھا اسے پورا کریں ، انہوں نے کہا کہ ہم دستیاب وسائل میں جو کچھ ممکن ہے وہ کررہے ہیں ، حکومت سندھ کا بلدیہ عظمیٰ کو بھرپور تعاون حاصل ہے اور جو مسائل درپیش ہیں انہیں بھی حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی