اسلام آباد(خبر نگار)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ آج تجدید عہدکادن ہے کہ ہم ملک کی تعمیر وترقی کے لئے دن رات کام کریں گے،اس ملک پر جب بھی کڑا وقت آئے تو کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،ہم سب کی ذمہ داری ہیکہ اپنے اختلافات بھلا کر اور یکجا ہوکر ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے دن رات کام کریں،پاکستان اللہ تعالی کا ایک انمول تحفہ ہے جو لاکھوں لوگوں کی قربانیوں کے بعد معرض وجود میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری کا فرض ہے کہ اس ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے دن رات کام کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کی 75ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوے اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں کیا۔اس موقع پر سپیکر نے کہا کہ آج کا دن ہمیں اپنے بزرگوں کی ان لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو انہوں نے وطن عزیز کو حاصل کرنے کے لیے دیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی انتھک محنت اور ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کے باعث آج ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم اس سال پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی منا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی نے ڈائمنڈ جوبلی کے سلسلے میں 10 اگست سے 14 اگست تک خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جس میں خواتین ، بچوں ، نوجوانوں اور سابق ممبران پارلیمنٹ کے کنونشنز کا اہتمام کیا گیا ۔سپیکر نے کہا کہ موجودہ اتحادی حکومت ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ان تمام خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنا چاہتی ہے جو ہمارے آبا و اجداد نے اس وطن کے لیے دیکھے۔سپیکر نے کہا کہ آج اس تجدید عہد کا دن ہے کہ ہم ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے دن رات کام کریں گے اور اس ملک پر جب بھی کڑا وقت پڑا تو کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔اس موقع پر ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا کہ آج کا دن ہمیں اپنے آبا و اجداد کی دی گئی ان لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جن کے باعث ہمارا یہ وطن معرض وجود میں آیا۔انہوں نے کہا کہ اب ہم سب کی زمہ داری ہے کہ آپس کے اختلافات کو بھلا کر اور یکجا ہو کر ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے دن رات کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے قائد اعظم محمد علی جناح جیسی جدوجہد اور محنت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے اور اسے تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔
پرویز اشرف