حافظ آباد(نمائندہ خصوصی+نامہ نگار+نمائندہ نوائے وقت)وطن عزیز کے یوم آزادی کے موقع پر ریسکیو1122کے ضلعی دفتر میں پرچم کشائی کی گئی۔ شہید ریسکیو اہلکار نعمان عباس کے والدین نے ڈپٹی کمشنر توقیر الیاس چیمہ ، ڈسٹرکٹ آفیسر عدنان نواز کے ہمراہ پرچم لہراےا۔ ریسکیو1122کے چاک و چوبند کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے شہید ریسکیو اہلکار کے والدین کے ہمراہ شجر کاری مہم کے سلسلہ میں ریسکیو دفتر میں پودے بھی لگائے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے ریسکیو اہلکار ہمارے قومی ہیروز ہیں۔ ایسے فرض شناس ملازمین محکمے کا فخر اور اثاثہ ہوتے ہیں اور ان کی خدمات کو کبھی بھی فراموش نہیں کہا جا سکتا۔ ڈپٹی کمشنر نے شہید اہلکار کے والدین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے انھیں اپنے مکمل تعاون کا بھی یقین دلایا۔انھوں نے مزید کہا کہ ملک میں کسی قسم کے ہنگامی حالات ہوں، ریسکیو اہلکاروں نے ہمیشہ اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر دُکھی انسانیت کے جذبے کے تحت عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا، جو قابل ستائش ہے۔
حافظ آباد: ریسکیو دفتر میں شہید اہلکار نعمان عباس کے والدےن نے پرچم لہراےا
Aug 15, 2022