اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کے 75ویں یومِ آزادی کی مناسبت سے شاندار تقریبات منعقد کرنے پر متعلقہ وزارت اور اداروں کو مبارکباد دی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں گزشتہ شب وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے 75ویں یومِ آزادی کے حوالے سے شاندار تقریبات منعقد کرنے پر میں متعلقہ تمام اداروں کو مبارکباد دیتا ہوں۔وزیر اعظم نے مریم اورنگزیب کی قیادت میں وزارتِ اطلاعات و نشریات، پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) اور متعلقہ تمام اداروں کو جشنِ آزادی کی تقریبات کامیابی سے منعقد کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
اپنے ٹوئٹر پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف کا اداروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہنا تھا کہ زندہ قومیں اپنی نوجوان نسل کو اپنی پہچان بھولنے نہیں دیتیں اور آج کے تاریخی دن آپ سب نے مل کر اس بات کو یقینی بنایا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی سالگرہ کے موقعے پر پرچم کشائی کی مرکزی تقریب کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس سے وزیر اعظم نے خطاب کیا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کا قیام معجزے سے کم نہیں تھا۔
تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے کردار کی تعریف کرتا ہوں۔ ملک کا 75واں یومِ آزادی پاکستانی قوم کیلئے تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔