کامن ویلتھ گیمز: اعزاز یافتہ انعام بٹ کی وطن واپسی، شاندار استقبال

اسلام آباد: کامن ویلتھ گیمز اور اسلامی یکجہتی گیمز ترکی میں شریک قومی ایتھلیٹس وطن واپس آرہے ہیں۔ کامن ویلتھ گیمز کے اعزاز یافتہ انعام بٹ بھی وطن واپس پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی شہر برمنگھم میں کامن ویلتھ گیمز کے دوران سلور میڈل کا اعزاز پانے والے انعام بٹ، برونز میڈلسٹ عنایت اللہ اور اپرنٹر شجر عباس وطن واپس پہنچ گئے۔ عوام نے اپنے کھلاڑیوں کا شاندار استقبال کیا۔پاکستان اسپورٹس بورڈ کے سربراہ آصف زمان سمیت دیگر حکام نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہا۔ اس موقعے پر عوام نے وطن واپس پہنچنے پر تمام کھلاڑیوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔

اسلام آباد ائیرپورٹ پر پاکستان زندہ باد سمیت دیگر پرجوش نعرے لگائے گئے۔ واضح رہے کہ کامن ویلتھ گیمز اور اسلام یکجہتی گیمز میں طلائی تمغے اپنے نام کرنے والے ارشد ندیم کی وطن واپسی بھی آج ہی ہوگی۔گولڈ میڈلسٹ کامن ویلتھ گیمز نوح بٹ آج اسلامی یکجہتی گیمز کے دوران ایکشن میں نظر آئیں گے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کے علاوہ پنجاب حکومت اور جاوید آفریدی کامن ویلتھ گیمز جیتنے پر انعامی رقم دینے کا اعلان کرچکے ہیں۔ 
خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان کی بسمہ خان اور جہاں آرا نبی نے اسلامی یکجہتی گیمز کے سوئمنگ مقابلے میں 100 میٹر فری اسٹائل کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔آج سے 2 روز قبل 100 میٹر فری اسٹائل سیمی فائنل میں پاکستان کی جہاں آرا نبی ایک منٹ دو عشاریہ ایک،ایک سیکنڈز کی ٹائمنگ کے ساتھ ساتویں نمبر پر رہیں۔

ای پیپر دی نیشن