بیجنگ(نیٹ نیوز) چین نے کہا ہے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اور پاکستان سے دوستی سبوتاژ کرنے کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔ سرکاری خبر ایجنسی ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وینبن نے میڈیا کو دی گئی معمول کی بریفنگ کے دوران ایک سوال پر کہا ’چین اور پاکستان کے درمیان دوستی اور سی پیک سبوتاژ کرنے کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہوگی‘۔وینبن نے کہا چین دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے اور پاکستان کے ساتھ مشترکہ حفاظتی اقدامات اور پاکستان میں چینی شہریوں، اداروں اور منصوبوں کی مؤثر سلامتی کے لیے کام جاری رکھے گا۔ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے متعلق سوال پر چینی ترجمان نے کہا چین انوارالحق کاکڑ ک کو اس منصب پر مبارک باد دیتا ہے۔ان کا کہنا تھا بین الاقوامی حالات جیسے بھی ہوں اور پاکستان کے اندرونی حالات تبدیل ہوسکتے ہیں لیکن چین اور پاکستان کے درمیان آہنی دوستی ہمیشہ مضبوط رہے گی اور کبھی نہیں توڑی جاسکے گی۔وانگ وینبن نے کہا چین اپنی تمام تر اسٹریٹجک تعاون کی شراکت داری، مشترکہ مستقبل کی حامل چین-پاکستان کمیونٹی کی تعمیر، دونوں ممالک اور دو اطراف کے عوام کے مزید فائدے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے بالکل تیار ہے۔