9مئی سوچا سمجھا منصوبہ تھا، ناکام ہوا، عوام الیکشن میں اس کا بدلہ لیں: خواجہ آصف

Aug 15, 2023

سیالکوٹ (این این آئی)مسلم لیگ (ن )کے رہنما اور سابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے پاس ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کا دروازہ کھلا ہے ، نواز شریف کے لیے کوئی دروازہ نہیں کھلا تھا۔جشن آزادی کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ آج اگر ن لیگ متحرک نظر آتی ہے تو وہ پچھلے پانچ سال کی ثابت قدمی کا نتیجہ ہے، آج سوا سال کی حکومت کے بعد عوام کی عدالت میں پیش ہوئے ہیں۔انہوںنے کہاکہ شہباز شریف نے تمام سیاسی جماعتوں کے قافلے کو اپنی منزل تک پہنچایا، ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ چار سال کا سارا گند صاف کیا لیکن ہم نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، ہم نے پی ٹی آئی حکومت کی بارودی سرنگوں سے ملک کو نکال کر سوا سال مکمل کیا۔خواجہ آصف نے کہاکہ 9 مئی سوچا سمجھا منصوبہ تھا لیکن وہ منصوبہ ناکام ہو گیا، عوام الیکشن میں ان سے 9 مئی کا بدلہ لیں۔سابق وزیر دفاع نے کہاکہ چیئرمین پی ٹی آئی کے پاس ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کا دروازہ کھلا ہے لیکن نواز شریف کے لیے کوئی دروازہ نہیں کھلا تھا۔انہوںنے کہاکہ نواز شریف نے اسمبلی میں ڈکٹیٹر کے خلاف تقریر کی لیکن فوج اور تنصیبات پر حملہ نہیں کیا، فخر ہے کہ میں ایسے قائد کا ورکر ہوں جو پہاڑ کی طرح ظلم کے سامنے کھڑا رہا۔

مزیدخبریں