حافظ آباد ( نمائندہ نوائے وقت ) حافظ آباد میں یوم آزادی پر پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں ہوئی جہاں ڈپٹی کمشنر عمر فارو ق وڑائچ اور ڈی پی او ڈاکٹر فہد احمد نے پرچم کشائی کی ۔ پرچم کشائی کی تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو امتیاز علی بیگ ، اسسٹنٹ کمشنر منور حسین ، سی ای او ایجو کیشن سہیل اظہر خاں ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عمر شریف راٹھور سمیت دیگر سرکاری افسران ، ملازمین ، سکولوں کے بچوں ، میڈیا کے نمائندوں اور شہریوں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر پولیس ، ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کے دستوں نے گارڈ آف آنر پیش کیا ، ملک و قوم کی سلامتی ، خوشحالی ، استحکام اور سر بلندی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی ۔ ڈپٹی کمشنر نے موسم برسات کی شجر کاری مہم اور یوم آزادی کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں پودا بھی لگایا ۔اس موقع پرمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عمر فارو ق وڑائچ نے کہا آج قیام پاکستان اور تحریک آزادی میں اپنی جانوں کے نذرانہ پیش کرنے والے ہزاروں لاکھوں مسلمانوں کو ان کی لازوال قربانیو ں پر بھی خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے ۔ جشن آزادی کے موقع پر ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے کیک کاٹا اور ڈسٹرکٹ کمپلیکس سے آزادی واک کی قیادت کی ۔علاوہ ازیں ریسکیو 1122 کے ضلعی دفتر میں تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔
حافظ آباد : ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں یوم آزادی پر پرچم کشائی کی تقریب
Aug 15, 2023