بھارتی ریاست ہماچل پردیس میں بارش، لینڈ سلائیڈنگ، مزید 41 افراد ہلاک،اترکھنڈ ڈوب گیا

Aug 15, 2023

نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) شدید بارشوں نے بھارت کی ریاست اترا کھنڈا کو ڈبو دیا۔ دہرادون شہر میں بارشوں سے ڈیفنس کالج کی عمارت کا ایک حصہ گر گیا۔ اترا کھنڈ میں مون سون بارشوں سے مختلف حادثات میں 60 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ اترا کھنڈ کے 6 اضلاع میں شدید بارشوں کا ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ اور مختلف حادثات میں مزید41 افراد ہلاک ہو گئے۔ ریاست ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو کا کہنا ہے کہ شملہ شہر کے پہاڑی علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ سے 29 افراد ہلاک اور درجنوں لاپتا ہو گئے۔ ریاستی وزیر اعلیٰ نے میڈیا کو بتایا کہ شملہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ایک مندر گر گیا جس کے ملبے تلے دب کر 9 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ سے کئی گاڑیاں ملبے اور درختوں کے نیچے دب گئیں جبکہ مکانات بھی تباہ ہو گئے۔ جبکہ ریاست اترا کھنڈ میں بھی طوفانی بارشوں کے باعث املاک کو نقصان پہنچا ہے۔ ڈپٹی کمشنر سولان کا کہنا ہے کہ کلاؤڈ برسٹ کے باعث 2 مکانات بھی بہہ گئے جبکہ 6 افراد کو بچا لیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہماچل پردیش کے ضلع سولان کے گاؤں جدون میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث ایک ہی خاندان کے 7 افراد ہلاک ہو گئے۔ ہماچل پردیش میں گزشتہ 48 گھنٹوں سے جاری شدید بارش کے باعث ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ بھارتی ریاست ہما چل پردیش میں مون سون بارشوں اور طوفان کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 257 ہو گئی جبکہ متعدد افراد زخمی ہیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست ہما چل پردیش میں موسلادھار بارش نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔

مزیدخبریں