اسلام آباد‘ نئی دہلی (خصوصی نامہ نگار‘ نوائے وقت رپورٹ‘ کے پی آئی‘ اے پی پی) پاکستان کا 76 واں یوم آزادی امریکہ‘ برطانیہ‘ مصر‘ نئی دہلی‘ بیجنگ‘ ٹوکیو‘ پاکستان ہائی کمشن ٹورنٹو‘ مونٹریال میں بھی منایا گیا۔ پرچم کشائی ہوئی۔ صدر‘ وزیراعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ کینیڈا میں ہائی کمشنر ظہیر جنجوعہ نے پرچم لہرایا اور بعد میں پاکستان فیٹیول میں بھی شرکت کی۔ ٹوکیو میں پاکستان کے سفارتخانے میں 76واں یوم آزادی ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا۔ تقریب کا انعقاد سفارت خانے کے احاطے میں ہوا اور جاپان میں مقیم پرجوش پاکستانی شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ سفیر رضا بشیر تارڑ نے قومی پرچم لہرایا۔ انہوں نے صدر پاکستان اور وزیر اعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے جس میں قوم کی کامیابیوں اور مستقبل کی خواہشات پر روشنی ڈالی گئی۔ اس موقع پر موسیقی کا پروگرام بھی منعقد کیا گیا اور مسحور کن قوالی کی پرفارمنس سے سامعین جھوم اٹھے۔ تقریب کے اختتام پر رضا بشیر تارڑ نے اس قومی دن کو منانے کیلئے غیر متزلزل حمایت اور مشترکہ جوش و جذبے پر تمام حاضرین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ قاہرہ مصر میں پاکستانی سفارتخانہ میں 76واں یوم آزادی روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ سفیر ساجد بلال نے قومی ترانے کی دھن پر پاکستانی پرچم لہرایا۔ پرچم کشائی کے بعد خصوصی تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ مصر فرینڈشپ ایسوسی ایشن کے صدر سفیر (ر) فتح علی یوسف کو پاک مصر تعلقات کے فروغ اور بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کے حقوق کے لئے آواز بلند کرنے پر ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان کی جانب سے سول ایوارڈ تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔ برطانیہ میں یوم آزادی پاکستان احترام اور ملی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ ہائی کمشن‘ قونصل خانوں میں پاکستان کی سلامتی‘ ترقی‘ خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ پاکستانی ہائی کمشن لندن‘ برمنگھم‘ مانچسٹر‘ بریڈ فورڈ‘ گلاسگو کے قونصل خانوں میں تقریبات ہوئیں۔ پاکستان ہائی کمشن لندن میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب ہوئی۔ ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے پرچم کشائی کی۔ بری‘ بحری اور فضائی افواج کے افسراج نے پاکساتن کے قومی پرچم کو سلامی دی۔ اوورسیز پاکساتنیوں کی بڑی تعدا نے تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں صدر‘ وزیراعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پاکستانی قیادت بھرپور جذبے سے ملک کی ترقی کیلئے کوشش کر رہی ہے۔ امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے امریکہ بھر میں مقیم تمام پاکستانیوں کو یوم آزادی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام 76 سالوں سے حق خود ارادیت کی جدوجہد کر رہے ہیں مگر انہیں آج تک حق خود ارادیت نہیں مل سکا۔ اہل کشمیر قید و بند کی تکالیف سے گزر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بنانا کوئی آسان کام نہیں ہوتا۔ ریاست سنبھالنا اس سے بھی زیادہ مشکل کام ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم جشن آزادی کے پرمسرت موقع پر امریکی ریاست ورجینیا کے معروف بل رن پارک میں جشن آزادی میلہ میں امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان زندہ باد کے نعروں میں پرجوش حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی ترقی کے زینے طے کر رہے ہیں۔ سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے ملک کی ترقی کے لئے روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کو کامیاب بنانا انکی مادر وطن سے محبت اور لگائو کا عکاس ہے۔ مسعود خان نے کہا کہ "روشن ڈیجیٹل اکائونٹ میں جمع کرائی جانے والی رقم بڑھ کر 6.5ارب ڈالر ہو گئی ہے۔ ریاست اور سیاست کا چولی دامن کا ساتھ ہے لیکن سیاست ریاست پر حاوی نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی اگر اس کی صفوں میں دراڑ ہو۔ نئی دہلی پاکستان ہائی کمشن نئی دہلی نے پاکستان کی آزادی کی 76 ویں سالگرہ قومی جوش و جذبہ سے منائی۔ پرچم کشائی کی تقریب میں ناظم الامور نے پاکستان کا پرچم بلند کیا۔ ہائی کمشن کے افسران اور عملہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ تقریب میں شریک ہوئے۔ تقریب میں حاضرین کو صدر اور وزیراعظم پاکستان کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ ناظم الامور نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح اور جدوجہد آزادی کے دیگر رہنمائوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ ناظم الامور نے کہا کہ بانیان پاکستان کی عظیم قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ہم بحیثیت قوم متحد ہوکر معاشی ترقی و سماجی انصاف کی طرف اپنی کوششیں مرکوز کرکے عظمت اور خوشحالی کی نئی بلندیوں کو حاصل کر سکتے ہیں۔ ناظم الامور نے افواج پاکستان‘ پاک سرزمین کے بہادر بیٹوں اور شہداء کو مادر وطن کے دفاع کیلئے عظیم قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا اور خطے میں امن کا داعی ہے۔ پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کیلئے ضروری ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے۔ سبز اور سفید لباس پہنے پاکستانی ہائی کمشن کے عملے کے بچوں نے قومی نغموں پر خوبصورت پرفارمنس پیش کی۔ بچوں نے تقاریر کے ذریعے قیام پاکستان کی تاریخی جدوجہد پر روشنی ڈالی۔ تقریب کے اختتام پر بچوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر کیک بھی کاٹا گیا۔ پاکستان کے 76ویں یوم آزادی کے موقع پر بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس کے بعد صدر اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں بانیان پاکستان اور تحریک پاکستان کے کارکنوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اہل وطن سے کہا کہ وہ معاشرے کے پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں جمہوریت، آزادی، مساوات کی پاسداری کریں۔ اپنے پیغام میں وزیراعظم محمد شہبازشریف نے قائداعظم کو خراج عقیدت پیش کیا اور قوم کی تعمیر میں کردار ادا کرنے والوں کی جدوجہد کو سراہا۔ چین میں تعینات سفیر معین الحق نے پاکستان کے 76ویں یوم آزادی پر اہل وطن کو مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد اور قائدین نے برصغیر میں ایک آزاد اور خودمختار مسلم ریاست کا نہ صرف تصور یش کیا بلکہ محنت اور جدوجہد سے اس کا قیام بھی کیا۔ انہوں نے کہ اس اہم دن پر ہم سب کو عزم کرنا چاہیے کہ ہم مل کر مزید خوشحال اور متحد پاکستان کی تعمیر کے لیے پرعزم رہیں گے۔ اس برس ہم چین پاک اقتصادی راہداری کی دسویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ موجودہ سال چین اور پاکستان کے درمیان سیاحتی تبادلوں کا سال بھی ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط اور توانا ہوں گے۔ انہوں نے تقریب میں قومی ترانے کی دھن پر پاکستان کا پرچم لہرایا۔ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے بہت سے افراد، چینی دوستوں، میڈیا اور دوست ممالک کے سفارتخانوں کے اہلکاروں نے شرکت کی۔
نئی دہلی، چین، امریکہ، برطانیہ، جاپان میں جشن آزادی تقریبات پرچم کشائی
Aug 15, 2023