واشنگٹن؍ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ خصوصی نامہ نگار) امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں پاکستان کو یوم آزادی کی مبارک دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ امریکہ اقتصادی کامیابی کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔ امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ ریاست ہائے متحدہ امریکہ کی حکومت کی طرف سے میں پاکستانی عوام کے ساتھ 14 اگست کو یوم آزادی پر نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔ ہم جامع اقتصادی ترقی، توانائی، امن اور علاقائی استحکام کو فروغ دینے کے منتظر ہیں۔ انٹونی بلنکن نے مزید کہا کہ امریکہ، پاکستان کے ساتھ 76 سالہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ہم دونوں ممالک کے خوشحال مستقبل کی تشکیل کے لیے شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کے منتظر ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں جشن آزادیٔ پاکستان خوش و خروش سے منایا جا رہا ہے، ہم جمہوری اصولوں اور قانون کی حکمرانی کے احترام کے عزم کا اشتراک کرتے ہیں۔ پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ تمام پاکستانیوں کو اپنی نیک خواہشات بھیجتے ہیں۔ آئیے ان مشترکہ اقدار کا جشن منائیں جو ہم کو متحد کرتی ہیں۔ یوم آزادی مبارک ہو، پاکستان!۔ امریکی وزارت خارجہ کے محکمہ برائے جنوبی اور وسطی ایشیا کے امور نے بھی پاکستان کو یوم آزادی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ایک پھلتی پھولتی شراکت کے منتظر ہیں۔ امریکی کانگریس میں پاکستان کاکس کی سربراہ کانگریسی رکن شیلا جیکسن لی نے جشن یوم آزادی پر خصوصی پیغام میں کہا ہے میں انتہائی فخر اور اعزاز کے ساتھ اس دن کو پاکستان کے یوم آزادی کے طور پر مانتی ہوں۔ پاکستان زندہ باد۔ آزادی میرے دل میں بہت اہمیت رکھتی ہے اور یہ دن آزادی کے مجاہدوں کی بے شمار قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ میں کانگریس کے پاکستان کاکس کی بانی چیئر ہوں اور اس حیثیت سے میں نے کئی بار پاکستان کا سفر کیا ہے۔ حال ہی میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور اپنی آنکھوں سے گذشتہ سال مون سون سے ہونے والی تباہی کو دیکھا۔ امریکہ اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنے پر بہت فخر ہے۔ میں نے متعدد بل متعارف کروائے ہیں جن میں ملالہ یوسفزئی کی تعلیم سے وابستگی شامل ہے، جس میں زندگی کے مختلف پہلوؤں سے اس کی وابستگی کو تسلیم کیا گیا، اور دیگر بہت سی دوسری قراردادیں جو میں نے متعارف کروائی ہیں جو اس قوم کی شخصیات کے کردار کو تسلیم کرتی ہیں۔