لاہور (سپیشل کارسپانڈنٹ) پاکستان کا قیام خدا وند کریم کی بڑی نعمت ہے۔ جس کا ہم اپنے اللہ کے حضور شکر ادا کرتے ہیں۔ ہم آج آزاد ہیں لیکن یہ آزادی آسانی سے نہیں ملی اس کے لئے ہمارے آباؤ اجداد نے بڑی قربانیاں دی ہیں جس کی قدر ہم سب پر واجب ہے۔ یہ بات نوائے وقت گروپ کے چیف آپریٹنگ آفیسر کرنل (ریٹائرڈ) سید احمد ندیم قادری نے مجید نظامی ہال میں پاکستان کے 76 ویں جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں ہیڈ آف ہیومن ریسورسز چودھری شفیق سلطان، ہیڈ آف آئی ٹی قیصر ندیم، ہیڈ آف اکاؤنٹس اینڈ فنانس عماد صدیقی، ایڈیٹر ماہنامہ پھول شعیب مرزا، ایڈیٹر فیملی میگزین خالد بہزاد ہاشمی، منیجرز مارکیٹنگ محمد عثمان و عامر ادریس، خاور عباس سندھو، فہمید ولسن جانسن، سرکولیشن انچارج نذیر عابد سندھو، مینجر سرکولیشن صغیر امجد، محمد امین، الطاف حسین، محمد عرفان، محمد مشتاق، خالد حسین رضا، محمد عباس، محمود سمیت سٹاف کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری نے کہا کہ 14 اگست 1947ء کو لاکھوں افراد نے ہجرت کی۔ اس خون آلود ہجرت میں بچے، بوڑھے، جوان اور خواتین کی بڑی تعداد کو اسلام کے نام پر بنی ریاست پاکستان کے ردعمل میں قتل کیا گیا، عصمت دری ہوئی۔ کئی خواتین نے اپنی عزت بچانے کے لئے مرنے کو ترجیح دی۔ ہمارے کئی بزرگ، خواتین پاکستان نہ آ سکے، بہن بھائی بچھڑ گئے، زندہ بچنے والوں میں اکثریت نے پیدل سفر کیا۔ ہمارے بڑوں نے اس آزادی کی بھاری قیمت چکائی ہے۔ آج اسلامی جمہوریہ پاکستان میں صرف مسلمان آزاد نہیں بلکہ تمام اقلیتیں بھی آزاد ہیں۔ انہیں عبادت گاہیں بنانے، آزادی سے عبادت کرنے کی مکمل آزادی ہے۔ مسیحی بھائی ہوں، ہندو یا سکھ یہاں سب آزاد ہیں۔ یہ ہے میرے قائد کا پاکستان۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو قیام پاکستان کے وقت پیش آنے والے درد ناک مناظر بتانے کی اشد ضرورت ہے تاکہ وہ اس آزادی کی قدر کر سکیں۔ یہ پاکستان ہمارا ہے، اس کے تمام ادارے ہمارے ہیں، وطن کی حفاظت کے لئے جانیں دینے والے شہداء ہمارے سروں کا تاج ہیں۔ پاک فوج کے شہداء ہوں یا پولیس کے یا عام شہری ہوں جو وطن پر قربان ہوا اس سے محبت زندہ قوموں کی نشانی ہے۔ اس موقع پر ملکی سلامتی و استحکام کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔
آزادی کیلئے آباؤ اجداد نے قربانیاں دیں، قدر ہم پر واجب: کرنل (ر) احمد ندیم قادری
Aug 15, 2023