اسلام آباد(این این آئی)پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اور معروف فنکارہ بشریٰ انصاری نے کہا ہے کہ اگر مریم اورنگزیب کی کبھی کوئی فلم ریلیز ہوئی تو وہ سپر ہٹ ہوگی۔نیشنل آئکون ایوارڈز کی تقریب میں بشریٰ انصاری نے اپنا ایوارڈ وصول کرنے کے بعد کہا کہ مریم اورنگزیب تو بہت ہٹ جا رہی ہیں، اگر ان کی آج کوئی فلم ریلیز ہوتی ہے تو اگلی صبح سپر ہٹ ہو جائے گی۔اداکارہ نے کہا کہ کیونکہ ابھی یہ سابقہ وزیرِ اطلاعات ہوگئی ہیں اور سابقہ ہونے کے باوجود بھی اتنا ہٹ جا رہی ہیں تو اگر ان کی فلم ریلیز ہوئی تو کیا ہوگا۔انہوں نے ایوارڈ وصولی کے بعد تقریب میں موجود وزیرِ اعظم شہباز شریف کا بھی شکریہ ادا کیا۔بشریٰ انصاری نے کہا کہ مجھے اندازہ ہے کہ شریف فیملی بھی اندر سے کہیں نہ کہیں آرٹسٹ ہے، میوزک سے آپ لوگوں کو دلچسپی ہے اور یہ جراثیم نہ ہوتے تو شاید آپ لوگ ہماری اس انڈسٹری کے لیے اتنے نرم دل نہ ہوتے۔