پاکستان کے 76ویں یوم آزادی پر گوگل نے اپنا ڈوڈل تبدیل کر دیا

Aug 15, 2023

 اسلام آباد (آئی این پی ) پاکستان کے 76 ویں یومِ آزادی کی خوشی میں دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے اپنا ڈوڈل تبدیل کر دیا ہے۔ گوگل دنیا بھر میں مختلف ثقافتی اور سماجی ایونٹس کے موقع پر دلچسپ ڈوڈلز تیار کرتا رہتا ہے، پاکستان کی آزادی کے 76 سال مکمل ہونے پر بھی ایک نیا ڈوڈل سامنے آیا ہے۔   ڈوڈل آرٹ ورک میں دانتوں والی انڈس ڈولفن کو دکھایا گیا ہے جو پاکستان میں دریائے سندھ میں پائی جاتی ہے، اسے دریائے سندھ کی ڈولفن کہا جاتا ہے۔ انڈس ڈولفن کی یہ نسل ان دنوں خطرے سے دوچار ہے، جسے اردو اور سندھی میں بھلن بھی کہا جاتا ہے، دریائے سندھ میں پائی جانے والی ڈولفن کی یہ نسل جسے مقامی طور پر بھلن کہا جاتا ہے جبکہ اس کو عرف عام میں نابینا ڈولفن بھی کہا جاتا ہے۔ جینیاتی طور پر یہ قسم نابینا نہیں ہوتی بلکہ ایک اندازے کے مطابق دریاوں میں بڑھنے والی آلودگی اس کے نابینا ہونے کی بڑی وجہ ہے۔ خیال رہے کہ گوگل 2011 سے پاکستان کے یوم آزادی پر ڈوڈل بنا رہا ہے، سب سے پہلے اس نے چاند ستاروں اور مینار پاکستان سے مزین سبز رنگ کے ڈوڈل کے ذریعے مبارکباد دینے کا سلسلہ شروع کیا تھا۔

مزیدخبریں