جمو ں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے حصول کے بغیر پاکستان کا خواب ادھورا ہے۔ سردار مسعود خان

Aug 15, 2023 | 13:10

امریکہ میں متعین پاکستانی سفیر سردارمحمد مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا ایک نظریہ، ایک وژن اور ایک تقدیر ہے۔جمو ں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے حصول کے بغیر پاکستان کا خواب ادھورا ہے۔ ریاست پاکستان پر ہمارا غیر متزلزل یقین ہمیں اس منزل پر لے جائے گا جس کی ہم خواہش رکھتے ہیں۔جمہوریت کے حوالے سے ہمارا عزم مضبوط اور غیر متزلزل ہے، آنے والا انتخابی عمل ہمیں سیاسی طور پر مستحکم اور معاشی استحکام کے دور کا آغاز کرے گا۔ پاکستان  میں معاشی استحکام بحال ہو رہا ہے ، رواں مالی سال کے دوران ہماری جی ڈی پی کی شرح 3.5 فیصد تک متوقع ہے ، ہمیں غیر ملکی سرمایہ کاری کی بھاری آمد کی توقع ہے۔ گذشتہ مالی سال میں سمندر پار پاکستانی تارکین وطن نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعے مجموعی6.5 ارب ڈالرز سے زائد کی رقوم پاکستان بھیجیں، پاکستانی امریکیوں کا اس اضافے میں بڑا حصہ ہے۔ان خیالات کااظہار سردارمسعود خان نے پاکستان کے 76ویں یوم ا آزادی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سردار مسعود خان کا کہنا تھاکہ پاکستان جنوبی ایشیا کے کروڑوں مسلمانوں کا خواب تھا۔ قائداعظم نے اسے عملی  شکل دی۔ آج ہم اس خواب، اس معجزے کو حقیقت بنانے پر انہیں، ان کے ساتھیوں اور پیروکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔اور یہ خواب 14 اگست 1947 کو پورا ہوا۔ آج ہم اپنی آزادی کے 76 سال منا رہے ہیں۔ آج کے دن ہم اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ہم پر اس کی بے پناہ نعمتیں نازل کیں۔پاکستان کا ایک نظریہ، ایک وژن اور ایک تقدیر ہے۔ ہماری ریاست ہمیں شناخت دیتی ہے۔ ہمارے پاس اپنی منزل تک پہنچنے کے لیے ایک  قطب نما (کمپاس)ہے اور حقیقی سمت ایک سیاسی طور پر مستحکم، معاشی طور پر خوشحال پاکستان ہے جو آزادی، مساوات اور انصاف کی لازوال اقدار پر مشتمل ہے۔ہم پرامن پڑوس کے لئے کام جاری رکھیں گے جہاں سب ہم آہنگی سے رہ سکیںجبکہ ہم اپنے لوگوں کے روشن مستقبل کی تشکیل دے رہے ہیں ہم اپنی قوم کو لاحق خطرات سے آگاہ ہیں، ہم ان کو ختم کریں گے اور ہمیشہ کی طرح غالب آئیں گے۔ جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے حصول کے بغیر پاکستان کا خواب ادھورا ہے۔آج کے دن ہم اپنے شہدا اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن عزیز کو محفوظ بنانے کے لیے اپنی لازوال قربانیاں دیں۔آج کا دن اپنی نعمتیں شمار کرنے ، اپنی کامیابیوں کا جشن منانے، اپنی امنگوں اور اپنے سفر میں نئی بلندیوں کو چھونے کا عزم کرنے کا دن ہے۔ہمارے پاس پر امید رہنے کے لیے بہت کچھ ہے لیکن ہم اب تک حاصل ہونے والی اپنی کامیابیوں پراکتفا نہیں کریں گے۔یہ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم مایوسی کے سوداگروں کو مسترد کریں اور فرضی فسانوں کو رد کریں۔ اگر ہمیں آگے بڑھنا ہے تو مایوسی کی کوئی گنجائش نہیں ہے، پاکستان پر یقین رکھیں۔سردار مسعود خان کا کہنا تھا کہ یہاں امریکہ میں، ہم اپنے بڑھتے ہوئے سفارتی تعلقات اور اقتصادی شراکت داری کا ایک اور سال منا رہے ہیں۔ہم اپنے یوم آزادی پر یکجہتی اور دوستی کے پیغام کے لیے سیکریٹری انتھونی بلنکن کے خاص طور پر شکر گزار ہیں، ہم امریکی حکومت، کانگریس اور امریکی عوام کی جانب سے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور گذشتہ سال کے تباہ کن سیلاب کے دوران ہماررے ساتھ کھڑے ہونے پر ان کے شکر گزار ہیں۔آج ہم پاکستانی نژاد امریکیوں کی کامیابیوں کا جشن بھی مناتے ہیں۔ ان کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، وہ مزید خوشحال ہو گئے ہیں اور وہ سیاسی طور پر مدبر ہوتے جا رہے ہیں۔ 10پاکستانی نژاد امریکی ریاستوں کی اسمبلیوں یا سینیٹ کے ممبر بن چکے ہیں اور انتظامیہ میں ان کی نمائندگی بڑھ رہی ہے، ہم آپ پر  فخر کرتے ہیں۔ میرے پاس آپ کے لیے اچھی خبر ہے۔ پاکستان  میں معاشی استحکام بحال ہو رہا ہے ، اس مالی سال کے دوران ہماری جی ڈی پی کی شرح 3.5 فیصد تک متوقع ہے ، ہمیں غیر ملکی سرمایہ کاری کی بھاری آمد کی توقع ہے۔ مورگن سٹینلے کیپٹل انٹرنیشنل نے اپنے فرنٹیئر مارکیٹ انڈیکس میں 15 پاکستانی کمپنیوں کو شامل کرنے کا اعلان کیا ہے، اس سے اس انڈیکس میں پاکستانی کمپنیوں کی کل تعداد بڑھ کر 17 ہو جائے گی۔ مزید یہ کہ ایم ایس سی آئی نے اپنے فرنٹیئر مارکیٹس سمال کیپ انڈیکس  پاکستانی سٹاک ایکسچینج کی اکتالیس کمپنیوں کو درج کیا ہے ، ان فیصلوں سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھلنے چاہئیں، مزید یہ کہ خلیجی ریاستیں،سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر اور بحرین ،کان کنی، ریفائنریز، بندرگاہوں، ہوائی اڈوں اور زراعت میں سرمایہ کاری کرکے بڑے پیمانے پر پاکستانی منڈیوں میں داخل ہو رہے ہیں، اس سے امریکی سرمایہ کاری کے لیے مزید مواقع پیدا ہوں گے، آپ روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کی جان ہیں۔سردار مسعود خان کا کہنا تھا کہ گذشتہ مالی سال میں سمندر پار پاکستانی تارکین وطن نے روشن ڈیجیٹل اکانٹس کے ذریعے مجموعی6.5 ارب ڈالرز سے زائد کی رقوم پاکستان بھیجیں، پاکستانی امریکیوں کا اس اضافے میں بڑا حصہ ہے۔ مبارک ہو اور شکریہ! پاکستان امریکہ تجارت صحیح سمت میں ہے ، پاکستان میں آپ کی ترسیلات مستحکم رہیں۔ پچھلے مالی سال آپ نے تقریبا 2.5 بلین ڈالر اپنی مادر وطن کو بھیجے یہ رقم گذشتہ سال کے برابر ہے۔ آئی ٹی سیکٹر، خاص طور پر ٹیک سٹارٹ اپس کو وینچر کیپٹل فنڈز کے ذریعے سپورٹ کیا جا رہا ہے۔ یہ اچھی ٹرینڈ لائنز ہیں۔ آئیے ان کامیابیوں کو مزید بڑھائیں۔ یوم آزادی مبارک! پاکستان زندہ باد! پاکستان امریکہ دوستی زندہ باد۔

مزیدخبریں